مردان کے عالمی سطح پر مشہور تخت بھائی کے آثار قدیمہ کا 11 رکنی ملائشین وفد نے دورہ کیا، جس کے دوران ضلعی پولیس نے ڈی پی او ظہور بابر آفریدی کی خصوصی ہدایات پر سخت اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے۔ تخت بھائی کا مقام تاریخی اور ثقافتی ورثے کے طور پر یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل ہے، جہاں ملکی اور غیرملکی سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ اس اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، وفد کی آمد پر ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل، شکیل خان نے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی اور فول پروف حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا۔ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور تمام افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ملائشین وفد نے ضلعی پولیس کے سیکیورٹی اقدامات کو بھرپور سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران مکمل تحفظ اور خوشگوار ماحول محسوس کیا۔ وفد نے تخت بھائی کے تاریخی مقام کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس دورے کو یادگار قرار دیا۔ ضلعی پولیس ترجمان نے کہا کہ مردان پولیس آئندہ بھی غیرملکی سیاحوں اور مقامی زائرین کی سیکیورٹی کو اولین ترجیح دے گی تاکہ تاریخی مقامات پر سیاحت کو فروغ مل سکے۔