Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, June 3, 2026

تین روزہ طلبہ سمٹ “پیک 2026” اختتام پذیر

ایبٹ آباد: جدید بائیو ڈیجیٹل تھنک ٹینک سینپس گلوبل کے زیر اہتمام، عائشہ فاؤنڈیشن کے اشتراک اور محکمہ امور نوجوانان خیبر پختونخوا و کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبر پختونخوا کے تعاون سے منعقدہ تین روزہ تاریخی طلبہ سمٹ “پیک 2026” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

باڑہ گلی سمر کیمپس میں منعقدہ اس منفرد سمٹ میں صوبے بھر سے میڈیکل، انجینئرنگ اور ڈیٹا سائنس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

سمٹ کے دوران منعقدہ “بائیو ڈیجیٹل کلائمیٹ راؤنڈ ٹیبل” میں طلبہ رہنماؤں اور سینئر میڈیکل فیکلٹی نے مشترکہ طور پر تاریخی “باڑہ گلی معاہدہ” تیار کیا، جس میں ہسپتالوں میں کلینیکل گرین آڈٹ اور موسمیاتی بیماریوں کی رجسٹریز کے قیام کو ضروری قرار دیا گیا۔ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے “سینپس وینگارڈ” ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی۔

سمٹ کی نمایاں سرگرمی “ہم نوا — سب کے لیے قابلِ رسائی” پروگرام تھا، جسے عائشہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے خصوصی افراد اور ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت شرکاء نے ایکو آرٹ، نیچر جرنلنگ اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

نیچر آرٹ مقابلے میں قوتِ سماعت و گویائی سے محروم طالب علم عدنان خان نے پہلی جبکہ حمیرا غیاث نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے دوران رضوان احمد، زبیح اللہ، حبیب اللہ اور علی طلحہ نے خصوصی افراد کے حقوق، ذہنی صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی صحت پر ان کے اثرات کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیبہ بتول نے کہا کہ عائشہ فاؤنڈیشن خصوصی افراد کے حقوق، نمائندگی اور شمولیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے موسمیاتی صحت اور پالیسی سازی کے عمل میں خصوصی افراد کی مؤثر شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے سینپس گلوبل کے چیئرمین احد نزیر اور ان کی ٹیم کو کامیاب سمٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر احد نزیر نے “پیک 2027” کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال یہ سمٹ مزید وسیع پیمانے، جامع شرکت اور بڑے اہداف کے ساتھ باڑہ گلی میں منعقد کیا جائے گا۔

تین روزہ طلبہ سمٹ “پیک 2026” اختتام پذیر

Shopping Basket