پشاور: کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں شیلٹر نان فوڈ آئٹمز (این ایف آئی) کٹس کی تقسیم کے امدادی منصوبے کا پانچواں مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کو بنیادی انسانی امداد فراہم کی گئی۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 3,500 شیلٹر این ایف آئی کٹس سات اضلاع میں تقسیم کی گئیں۔ تقسیم کی تفصیلات کے مطابق اپر کرم، لوئر کرم، مہمند، اورکزئی، شمالی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان اور اپر جنوبی وزیرستان میں 500، 500 کٹس تقسیم کی گئیں۔
ہر کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل بمع لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹس، کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل تھے۔ امدادی اشیا کا انتخاب متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے مکمل کیا گیا، جس کے ذریعے شفافیت، مؤثر رابطہ کاری اور مستحقین تک بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
منصوبے سے 24 ہزار 129 سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق یہ اقدام ضرورت مند کمیونٹیز کی معاونت اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے ادارے کے عزم کا مظہر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ بحرانوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انسانی ہمدردی پر مبنی مضبوط شراکت داری اور باہمی یکجہتی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

