پشاور میں بائیک رائیڈرز کی رجسٹریشن اور ریگولیشن کا فیصلہ، مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر ہوں گے. صوبائی حکومت کی ہدایات پر پشاور میں بائیک رائیڈرز کو قانونی دائرے میں لانے، ان کی رجسٹریشن، قواعد و ضوابط کی تشکیل اور مخصوص روٹس و اوقات کار مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی گئی کہ ایک ہفتے کے اندر بائیک رائیڈرز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ابتدائی لائحہ عمل اور جامع تجاویز مرتب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
کمشنر پشاور نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بائیک رائیڈرز کے روزگار کا تحفظ، ان کی حفاظت یقینی بنانا اور اس شعبے کو منظم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ ضابطہ اخلاق، رجسٹریشن، مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر کیے جائیں گے تاکہ رائیڈرز کو سہولت اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بائیک رائیڈر کو بے روزگار کرنا مقصود نہیں، بلکہ انہیں قانونی حیثیت دے کر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے روزگار کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ پشاور کو بائیک رائیڈرز کے لیے ایک مخصوص ایپ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ مجوزہ ایپ کے ذریعے مسافر بائیک بک کرنے، کرایہ طے کرنے اور رائیڈرز کی معلومات حاصل کرنے کے قابل ہوں گے، جبکہ رائیڈرز کی نگرانی اور ان کا ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے مطابق بائیک رائیڈرز کو قانونی اور محفوظ نظام کا حصہ بنانے سے ان کے حقوق اور روزگار کا تحفظ ہوگا، بائیک رائیڈنگ کی آڑ میں جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ٹریفک نظام کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

