سوات ٹریڈ شو

سوات میں منعقدہ دو روزہ ٹریڈ شو اختتام پزیر

سوات میں منعقد دو روزہ سوات ٹریڈ شو 2024 ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور سوات چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے جو 28 دسمبر سے 29 دسمبر 2024 تک جاری رہا۔ سوات تجارتی نمائش میں ضلع سوات سمیت ملک بھر کے مایہ ناز صنعت کاروں اور تاجر حضرات کو مدعو کیا گیا ہے جس میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس نمائش میں متعدد سٹالز لگائے گئے جس سے تاجر برادری ، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو سٹالز میں اپنی مصنوعات کی نمائش کا بہترین موقع فراہم ہوا۔ سوات کی تاریخ میں پہلی بار، جمز سٹون اور زمرد کے کاروبار سے وابستہ افراد کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سب سے بڑا ٹریڈ شو سوات میں منعقد ہوا ہے۔ دو روزہ تجارتی شو کا مقصد سوات اور آس پاس کے علاقوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔

State bank

40، 25، 15 اور ساڑھے سات ہزار کے انعامی بانڈز کی واپسی کی تاریخ 31 دسمبر

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ 40، 25، 15 اور ساڑھے سات ہزار کے انعامی بانڈز کی واپسی کی تاریخ 31 دسمبر 2024 ہے۔ مرکزی بینک اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک، بینکنگ سروسز کارپوریشن، کمرشل بینکوں سے بانڈز واپس یا تبدیل کروائے جاسکتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 31 دسمبر 2024 کے بعد انعامی بانڈ واپسی کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

Bajaur festival

باجوڑ فیسٹیول اختتام پذیر

باجوڑ فیسٹیول خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ ضم اضلاع میں مزید صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کرینگے۔ دو روزہ فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں کیساتھ ساتھ محفل موسیقی، مشاعرہ، مزاحیہ شو اور دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔ اختتامی روز باجوڑ خار میں 7 کلومیٹر ٹریک پر سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں کبڈی، مارشل آرٹس، رسہ کشی کے مقابلے بھی مکمل ہوئے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پراجیکٹ ڈائریکٹرضم اضلاع ٹورازم اتھارٹی اشتیاق خان تھے۔ فیسٹیول میں محفل موسیقی میں مختلف گلوکاروں نے پرفارم کیا۔ مقامی شعراء انورزادہ، قادر خان، سلطان یوسف، گل یار، محمد خان اور محمد ایان نے اپنی شاعری بھی پیش کی۔

اختتامی تقریب میں مقامی طلبہ نے ٹیبلو پیش کیا۔ فیسٹیول میں صوفی اتنڑ، خٹک اتنڑاور وزیری اتنڑ پرفارمنس پیش کی گئیں۔ باجوڑ فیسٹیول میں چارلی چپلن اور میجک شو بچوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ سائیکل ریس میں لقمان نے پہلی، وحید نے دوسری اور امتیاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فاتح سائیکلسٹ میں بالترتیب 40 ہزار، 25 ہزار اور 15 ہزار کے نقد انعام تقسیم کئے گئے۔ کبڈی، مارشل آرٹس، رسہ کشی کے فاتح کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

Aqeel Yousafzai editorial

افغان حکومت اور پی ٹی آئی کے موقف پر سخت ردعمل کا اظہار

متعدد اہم وزراء اور ممتاز تجزیہ کاروں نے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں جاری دہشتگردی کی لہر اور پاک افغان تعلقات کے تناؤ کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی پرو طالبان پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے وہ ذاتی بیانات اور عملی اقدامات ریکارڈ پر موجود ہیں جن میں وہ نہ صرف یہ کہ افغان طالبان اور دیگر کی کھل کر حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ وہ افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کے ہزاروں دہشت گردوں کا کریڈٹ بھی لیتے رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گرد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دندناتے پھر رہے ہیں اور جس وقت کرم اور دیگر متاثرہ علاقوں کے عوام کو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے اقدامات اور ہمدردی کی ضرورت تھی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اسلام آباد پر چڑھائی کی مہم جوئی میں مصروف تھے ۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا کو بدامنی کے علاوہ بدترین قسم کی بیڈ گورننس اور کرپشن کا سامنا ہے اور تقریباً 150 ارب کے کرپشن کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف کے مطابق پی ٹی آئی نہ صرف ایک فسادی پارٹی ہے بلکہ اس کے بانی دہشت گردوں کے حمایت بھی کرتے رہے ہیں اور اسی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر پاکستان کے حملوں کی کھل کر مذمت کی ۔ ان کے بقول یہ بہت عجیب بات ہے کہ ایک طرف تو اب یہ لوگ امریکہ سے مدد طلب کررہے ہیں اور دوسری جانب پاکستان پر حملے کرنے والوں کی کھل کر حمایت کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کے اندر بدامنی کی جو لہر جاری ہے اس کی ذمہ داری بانی پی ٹی آئی اور ان کے سہولت کاروں پر عائد ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اندر جاری حملے ناقابل برداشت ہیں اور جو عناصر کسی بھی جواز کی آڑ میں دہشت گردوں کی حمایت کرتے ہیں ان کو سہولت کار سمجھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عام شہریوں کے علاوہ جن 383 سیکورٹی افسران اور جوانوں کو 2024 کے دوران شہید کردیا گیا ان کے قاتلوں کی وکالت کیسے کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب سینئر صحافی اور تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے اپنی وی لاگ اور ٹی وی پروگرام میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عمران خان کے دور حکومت میں دہشت گردوں کی آباد کاری کے لئے پوری مہم چلائی گئی اور اس مہم میں اس وقت کے متعدد اہم عہدے دار شامل تھے ۔ انہوں نے مزید کہ ایسے ہی یکطرفہ اور غلط فیصلوں کے باعث آج نہ صرف یہ کہ پاکستان حالات جنگ میں ہے بلکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بھی کشیدگی کی انتہا پر پہنچ گئے ہیں حالانکہ پاکستان نے دوحہ معاہدے سمیت ہر مرحلے پر افغانیوں کی مدد کی ۔ رؤف کلاسرا نے مزید کہا کہ یہ بات بہت عجیب لگ رہی ہے کہ ایک سابق وزیر اعظم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی مخالفت اور مذمت کرتے دکھائی دیے۔

سینئر صحافی ہارون الرشید نے اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات واقعتاً بہت کشیدہ ہیں اور اس کی بنیادی وجہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی موجودگی ہے ۔ ان کے بقول پاکستان نے 2024 کے دوران پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں بے شمار حملے برداشت کرنے کے علاوہ ریکارڈ کارروائیاں بھی کیں مگر دہشت گردی بڑھتی گئی اور 2025 کے دوران بھی کوئی مثبت تبدیلی نظر نہیں آتی ۔
نوجوان صحافی محمد عمران کے مطابق سابق وزیراعظم مختلف بیانات اور انٹرویوز میں خود اس بات کا اعتراف کرتے دکھائی دیے کہ افغانستان سے ہزاروں خوارج یا دہشت گردوں کو واپس لانا لازمی ہے ۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت پر گورنر اور مختلف پارٹیوں کے قائدین مسلسل یہ الزامات لگاتے آرہے ہیں کہ یہ حکومت عمران خان کی پالیسی کے مطابق نہ صرف دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتی رہی ہے بلکہ اس کے لیڈرز ، وزراء اور ممبران اسمبلی بھتہ بھی دیتے رہے ہیں۔

عقیل یوسفزئی