خیبر رائفلز کے زیر اہتمام ایک شاندار انٹر کلاس تقریری مقابلہ
خیبر میں KITE کے زیر اہتمام ایک شاندار انٹر کلاس تقریری مقابلہ منعقد ہوا، جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی و تکنیکی مہارتوں کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی اور خود اعتمادی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ خیبر رائفلز تھے، جنہوں نے طلبہ کی اعتماد بھری تقاریر اور شاندار تیاری کو سراہا۔ ججز کے فیصلے کے مطابق نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے اس تقریری مقابلے کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین موقع قرار دیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے تعمیری مقابلوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
بنوں واقعہ – افواجِ پاکستان کا غمزدہ خاندان سے اظہارِ یکجہتی
مقامی بریگیڈ کمانڈر نے بنوں کینٹ باؤنڈری وال واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور سوگوار خاندان کے غم میں شریک ہوئے۔ بریگیڈ کمانڈر کا سوگواران کے گھر جا کر تعزیت کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان باہمی تعلق مضبوط ہے۔ سیکورٹی فورسز کے افسران نے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا، ان کے لیے دعا کی اور یقین دلایا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں تنہا نہیں ہیں بلکہ افواجِ پاکستان ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر سول انتظامیہ کے نمائندے اور وزیرِ مملکت، محترم پختون یار بھی موجود تھے۔ یہ محض ایک رسمی ملاقات نہیں تھی، بلکہ اس دوران مقامی افراد کے جذبات اور خدشات کو سنا اور سمجھا بھی گیا۔ علاقہ مکینوں نے واضح کیا کہ وہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں اور اس واقعے کے پس منظر کو بھی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی کو بھی اس واقعے کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاکہ شرپسند عناصر اس سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
یہ تعزیتی دورہ ایک مثبت پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا— کہ عوام اور افواجِ پاکستان کے درمیان اعتماد اور احترام کا رشتہ قائم ہے اور اسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ یہ وقت ذمہ داری کا ہے۔ ہمیں دشمن کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہ کر پاکستان کے لیے متحد ہونا ہوگا، کیونکہ دہشتگردوں اور شرپسند عناصر کا مقابلہ صرف یکجہتی سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا اعتراف،شہداء کو خراج تحسین
چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ایس پی اعجاز خان شہید اور ڈی ایس پی علامہ اقبال خان شہید کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، ان کی خدمات کو ہمیشہ کے لیے امر کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ ایس پی اعجاز خان شہید جو مردان میں ایس پی رورل کے عہدے پر فائز تھے، 27 فروری 2024 کو کاٹلنگ کے علاقے متہ میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ اس دوران دہشت گردوں سے ہونے والی جھڑپ میں انہوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال قربانی کے اعتراف میں صدرِ پاکستان کی جانب سے انہیں “ہلالِ شجاعت” کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔
ڈی ایس پی علامہ اقبال خان شہید 8 جولائی 2020 کو کالوخان میں ایک اشتہاری مجرم کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کی شجاعت کے اعتراف میں شبقدر ٹو کتوزئی روڈ کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا اور آج ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر اور ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان نے باقاعدہ روڈ کا افتتاح کیا،اور انہیں بھی بعد از شہادت “ہلالِ شجاعت” سے نوازا گیا۔
ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر، ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان، اے ڈی سی چارسدہ شہباز خٹک، اور ڈی ایس پی سرکل شبقدر ریاض خان سمیت اعلیٰ افسران نے شہداء کے گھروں کا دورہ کیا، ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے بچوں کو تحائف پیش کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے کہا کہ پولیس فورس نے ملک و قوم کی سربلندی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور ان شہداء کے خاندانوں کی خدمت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے دروازے شہداء کے لواحقین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اور ان کی خدمت کو ہم اپنی عبادت سمجھتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ یکساں طور پر شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ تمام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
جعفر ایکسپریس 17 دن بعد دوبارہ روانہ
بلوچستان واقعہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی ہدایت پر جعفر ایکسپریس 17 دن بعد دوبارہ روانگی۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے ٹرین کو رخصت کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور پاکستان دشمن قوتوں کا خواب پورا نہیں کرنے دیں گے کہ سب کچھ رک جائے زندگی اور معمولات چلتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری قوم کا مسئلہ ہے امن ہو تو سب کچھ چلے گا۔ بدقسمتی سے ایک مخصوص ٹولے کے ترجیحات کچھ اور ہیں۔ ایک مخصوص ٹولہ پاکستان کے وسائل پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 10 ارب روپے کی خطیر رقم رمضان اور عید پیکج کے نام پر اپنے جیالوں پر عید کے بعد تحریک کے لیے تقسیم کیا۔ ان کو شہباز شریف سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح رمضان پیکج مستحقین کو ان کے گھر پر ملے اور خیبر پختونخوا میں 5 ارب مستحقین کو دیکر کسی کو پتہ بھی نہیں چلا خواہ کسی کے جس پارٹی سے بھی تعلق ہو۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن کو تحریک فرد واحد کے لیے نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف چلانی چاہیے تھی ماضی کی طرح ناکام ہوگا اور حکومت عوام کے مسائل حل کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف ایک سال میں موجود حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں ناممکن کو ممکن بنا دیا جس میں معاشی استحکام سرفہرست ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ معاہدہ بھی معاشی استحکام کی گھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صبح سویرے میڈیا کی کثیر تعداد میں اور عوام کی بھرپور شرکت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان بزنس کمیونٹی کے لیڈرز کی کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل عمر بخاری سے ملاقات
پاکستان بزنس کمیونٹی کے لیڈرز کی کور کمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل عمر بخاری سے ملاقات – قبائلی اضلاع کی نمائندگی حاجی لعلی شاہ نے کی۔
پشاور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے چیف پیٹرن ایس ایم تنویر کی قیادت میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کور کمانڈر پشاور لفٹینٹ جنرل عمر بخاری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف پی سی سی ائ کے صدر عاطف اکرام شیخ،یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختواری،سابقہ صدر ایف پی سی سی ائ غضنفر بلور،خیبر چیمبر کے گروپ لیڈر جواد حسین کاظمی باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی لعلی شاہ نے قبائلی اضلاع کی نمائندگی کرتے ہوئے باجوڑ کے تاجروں اور عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی۔
باجوڑ چیمبر کے صدر حاجی لعلی شاہ نے باجوڑ کے لئے اہم مطالبات اور مسائل پیش کی۔ امن و امان کی صورتحال،نوا پاس بارڈر کی بحالی،صنعتی زون کا قیام، باجوڑ ایکسپو کا انعقاد،سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری،تعلیمی سہولیات میں اضافہ: اعلیٰ ثانوی اسکولز کے قیام اور ناوگئی میں گرلز ڈگری کالج کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔نوجوانوں کے لیے ہنر مند تربیتی پروگرام: ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آئی ٹی، مائننگ اور دیگر جدید مہارتوں کے حوالے سے تربیتی پروگرام متعارف کرائے جائیں.طبی سہولیات میں بہتری،سیاحت کا فروغ،زرعی ترقی کے اقدامات کے حوالے سے بات کی۔
ملاقات کے دوران کور کمانڈر پشاور نے مطالبات کو غور سے سنا اور اس بات کا یقین دلایا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ حاجی لعلی شاہ نے کور کمانڈر پشاور کو قبائلی روائتی لونگی پہنائے کور کمانڈر کے جانب سے بھی تحفے پیش کئے گئے۔ جس پر وفد نے شکریہ ادا کیا۔ کور کمانڈر پشاور نے پاکستان بزنس کیمونٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔
نجی امتحانی مراکز کا سرکاری اسکولوں اور کالجزوں میں انضمام کا فیصلہ
میٹرک امتحان مشکوک پرائیویٹ امتحانی ہالوں کو قریبی سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں منتقلی کے لیے پرائیویٹ اسکولوں کی فہرست تیارکی گئی۔
میٹرک کے امتحان میں نقل کی روک تھام کے ساتھ ساتھ طلبہ کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائے گا، طلبہ کو کسی صورت ہراساں نہیں کیا جائے گا، حکومت کی تمام تر توجہ نقل کی روک تھام کے لیے ہے اور تمام اقدامات نقل کی روک تھام اور امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کی جارہی ہے تاکہ قابل طلبہ کا استسصال نہ ہو امتحان کے دوران نقل کی روک تھام سمیت سیکورٹی کے لیے فل پروف انتظامات یقینی بنائی جائیں گے، امتحانی پرچوں کی بروقت حفاظت سے ترسیل اور واپسی یقینی بنائی جائے گی، میٹرک کے امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تمام متعلقہ ذمہ دار اپنا کلیدی کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے گزشتہ روز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور میں میٹرک کے امتحان کے لیے انتظامات اور نقل کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری پشاور تعلیمی بورڈ مہدی جان، چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ نصراللہ، پشاور ڈویژن کے چاروں اضلاع پشاور، نوشہرہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز جبکہ چترال کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں میٹرک کے امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مشکوک پرائیویٹ امتحانی ہالوں کو قریبی سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں منتقل کرنے کیلئے فہرست تیار کرلی گئی پشاور ڈویژن کے چاروں اضلاع اور ضلع چترال کے ڈپٹی کمشنرز کو فوکل پرسن کے نام پشاور تعلیمی بورڈ کو فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیے گئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو آج اپنے اپنے اضلاع میں اجلاس منعقد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔