Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, May 21, 2025

پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا اعتراف،شہداء کو خراج تحسین

چارسدہ سے تعلق رکھنے والے ایس پی اعجاز خان شہید اور ڈی ایس پی علامہ اقبال خان شہید کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، ان کی خدمات کو ہمیشہ کے لیے امر کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ ایس پی اعجاز خان شہید جو مردان میں ایس پی رورل کے عہدے پر فائز تھے، 27 فروری 2024 کو کاٹلنگ کے علاقے متہ میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ اس دوران دہشت گردوں سے ہونے والی جھڑپ میں انہوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی بے مثال قربانی کے اعتراف میں صدرِ پاکستان کی جانب سے انہیں “ہلالِ شجاعت” کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔

ڈی ایس پی علامہ اقبال خان شہید 8 جولائی 2020 کو کالوخان میں ایک اشتہاری مجرم کے خلاف کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کی شجاعت کے اعتراف میں شبقدر ٹو کتوزئی روڈ کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا اور آج ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر اور ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان نے باقاعدہ روڈ کا افتتاح کیا،اور انہیں بھی بعد از شہادت “ہلالِ شجاعت” سے نوازا گیا۔

ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر، ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان، اے ڈی سی چارسدہ شہباز خٹک، اور ڈی ایس پی سرکل شبقدر ریاض خان سمیت اعلیٰ افسران نے شہداء کے گھروں کا دورہ کیا، ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے بچوں کو تحائف پیش کیے۔

اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے کہا کہ پولیس فورس نے ملک و قوم کی سربلندی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور ان شہداء کے خاندانوں کی خدمت ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے دروازے شہداء کے لواحقین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اور ان کی خدمت کو ہم اپنی عبادت سمجھتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ یکساں طور پر شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ تمام شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا اعتراف،شہداء کو خراج تحسین

Shopping Basket