Scheme prepared to provide interest-free loans to journalists in Khyber Pakhtunkhwa

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 سے متعلق اجلاس

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2026-27 سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اطلاعات و تعلقات عامہ، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قانون، مائنز و منرلز اور لیبر ڈیپارٹمنٹس کے نئے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے صحافیوں کی فلاح و خودمختاری کے لیے میڈیا پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ سیٹ اپس کے قیام کی غرض سے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی اسکیم تجویز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نوجوان صحافیوں کو خود روزگاری کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ اپنے پلیٹ فارمز قائم کر سکیں گے، جس سے صحافت مزید خودمختار اور بااختیار ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کے لیے میڈیا کالونیوں کے قیام اور ضم اضلاع میں پریس کلبوں کی بہتری کے لیے بھی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس کے علاوہ تمام جوڈیشل کمپلیکسز میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام، پشاور میں جوڈیشل اکیڈمی کے قیام اور باجوڑ اور مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکسز کے قیام کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

اجلاس میں ورک پلیس ہراسانی سے متعلق قوانین کو مزید سخت کرنے اور شکایات کے عمل کو خفیہ رکھنے کے لیے قانونی ترامیم تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور متاثرہ بچوں کو تعلیم کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اسکیم تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ آئی ٹی کے شعبے میں جدید منصوبوں کے تحت ڈرون سنٹر آف ایکسیلنس، سائبر سیکیورٹی آپریشن سنٹر اور ضم اضلاع میں ڈیجیٹل سٹی کے قیام کی تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سنٹرز کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔

معدنیات کے شعبے میں جیولوجیکل میپنگ، پلیسر گولڈ ایکسپلوریشن اور کریٹیکل منرلز کے لیے انٹیگریٹڈ جیو سائنس سروے اور ڈیٹا ریپازیٹری کے قیام کی تجاویز سامنے آئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مائننگ والے علاقوں میں شجر کاری بڑھانے اور ضم اضلاع میں مائنز ریسکیو، سیفٹی اور ٹریننگ سنٹرز کو مضبوط بنانے کے لیے بھی منصوبے تجویز کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام مجوزہ منصوبوں کو قابلِ عمل بنا کر ترجیحی بنیادوں پر اے ڈی پی میں شامل کیا جائے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔

Editorial

خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک افغان کشیدگی

عقیل یوسفزئی
سابق افغان صدر حامد کرزئی نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان کے اندر ایسے گروپ موجود ہیں جو پاکستان پر حملوں میں ملوث ہیں تو وہ یہاں سے نکل جائیں یا ان کو نکال دیا جائے کیونکہ اس مسئلہ کی وجہ سے نہ صرف یہ کہ دونوں ممالک کے تعلقات بری طرح متاثر ہوئے ہیں بلکہ پاکستان نے افغانستان کے اندر مختلف کارروائیاں کیں جو کہ افسوس ناک اور تشویش ناک بات ہے ۔ ان کے بقول افغانستان کے عوام خصوصی طور پر خواتین اور لڑکیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملک کے معاشی اور سیاسی معاملات بھی دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال بھی پچھلے برسوں کے دوران خراب ہوگئے ہیں ۔ ان تمام مسایل کا ادراک کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں کو ان کا حل نکالنے کی ضرورت ہے ۔
دوسری جانب افغانستان کے متعدد نان پشتون لیڈروں اور گروپوں نے افغان طالبان اور ان کے حامیوں کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کی مخالفت کی ہے اور ڈیورنڈ لائن کے ایشو پر سیاست کرنے کی مہم کو غیر ضروری قرار دیا ہے ۔
سینئر افغان لیڈر استاد محقق نے ایک بار پھر ڈیورنڈ لائن کو مستقل سرحد تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغان نہیں بلکہ خراسانی اور ہزاروی ہیں ۔ سابق اہم فوجی عہدے دار جنرل سمیع سادات پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ڈیورنڈ لائن کا معاملہ افغانستان کی بجائے پاکستان کے پشتونوں کا ایشو ہے ۔
عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ نے گزشتہ روز ایک بار پھر ٹیلی فونک رابطہ کے دوران افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نارمل کرنے کے لیے اقدامات کریں ۔
ادھر خیبرپختونخوا کی پولیس نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2026 سے مارچ 2026 کے درمیان خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں دہشت گرد کارروائیاں کی گئیں اور یہ کہ صوبے میں اس سلسلے میں 474 کی مقدمات درج کیے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران جہاں ایک طرف مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 85 دہشت گرد ہلاک کئے گئے اور 1235 کو شیڈول فورتھ میں ڈالا گیا وہاں دوسری جانب دہشت گرد حملوں میں 71 پولیس ، 27 ایف سی اہلکار شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے ان حملوں میں 67 شہری شہید جبکہ 298 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان فوج کے شہداء کی تعداد اس رپورٹ میں 21 بتائی گئی ہے ۔
یہ رپورٹ یہ بات واضح کرنے کے لیے کافی ہے خیبرپختونخوا کو فورسز کی کارروائیوں اور قربانیوں کے باوجود بدامنی کی لہر کا سامنا ہے مگر پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت ان چیلنجز سے یا تو لاتعلق ہیں یا بلا واسطہ دہشت گرد گروپوں اور افغان طالبان کی حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔
پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے جہاں گزشتہ دنوں افغانستان سے دہشت گردوں کی تشکیلات کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں وہاں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں خوارج کو ہلاک بھی کردیا ہے جن میں وہ 22 دہشت گرد بھی شامل ہیں جن کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں ہلاک کردیا گیا اور ان میں سے متعدد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ افغان شہری تھے ۔ اسی طرح بلوچستان میں گزشتہ روز کالعدم ٹی ٹی پی کے 3 جبکہ بی ایل اے کے 5 کمانڈروں کو بھی پاکستان کی فورسز نے ہلاک کردیا ہے ۔
اس تمام صورتحال کے تناظر میں یہ بات بار بار سامنے آتی رہی ہے کہ افغان رجیم عالمی دباؤ اور پاکستان کی کارروائیوں کے باوجود اب بھی دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس تمام ” گیم ” کو بلاشبہ پاکستان کے روایتی دشمن بھارت کی سرپرستی بھی حاصل ہے ۔