پاکستان نے ایرانی طیاروں سے متعلق سی بی ایس رپورٹ مسترد کر دی
اسلام آباد: دفتر خارجہ پاکستان نے پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے CBS News کی رپورٹ کو “گمراہ کن اور سنسنی خیز” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیہ خطے میں جاری امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران ایران اور امریکہ سے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تھے، جن کا مقصد مذاکراتی عمل سے وابستہ سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اہلکاروں کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ ممکنہ مذاکراتی ادوار کے پیش نظر عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔
ترجمان کے مطابق اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی دوبارہ شروع نہیں ہوئے، تاہم اعلیٰ سطحی سفارتی روابط جاری ہیں۔ اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کو بھی موجودہ لاجسٹک اور انتظامی انتظامات کے تحت سہولت فراہم کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارے جنگ بندی کے دوران آئے تھے اور ان کا کسی بھی عسکری ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں۔ دفتر خارجہ نے اس کے برعکس دعوؤں کو “قیاس آرائی، گمراہ کن اور حقائق سے مکمل طور پر ہٹا ہوا” قرار دیا۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ غیر جانبدار، تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھی ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مخلصانہ سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
نرسز انسانی خدمت کی علامت ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: شہباز شریف نے عالمی یومِ نرسز 12 مئی 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں خدمات انجام دینے والے مرد و خواتین نرسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نرسز انسانیت کی بے لوث خدمت کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انٹرنیشنل کونسل آف نرسز کی جانب سے منایا جانے والا یہ دن شعبہ طب میں عالمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ نرسز “نرسز ہمارا مستقبل، بااختیار نرسز زندگیاں بچاتے ہیں” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو نرسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور معیاری طبی تربیت کی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید تربیت یافتہ نرسز بروقت طبی امداد فراہم کر کے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تیمارداری انسانی ہمدردی اور خدمت کے عظیم جذبے کا عملی مظہر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نرسز مراعات سے بالاتر ہو کر مشکل حالات میں بھی صفِ اول میں رہتے ہوئے انسانی خدمت انجام دیتی ہیں، اور کسی بھی ملک میں صحت کی بنیادی سہولیات کی مؤثر فراہمی نرسز کی خدمات کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحت کی مضبوطی ڈاکٹرز اور نرسز کی متوازن تعداد سے مشروط ہے، اور وفاقی حکومت ملک میں اس تناسب کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔
ڈھاکا ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دے دیا
ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے ڈھاکا ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی کے لیے 268 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے کم از کم 75 اوورز میں 268 رنز درکار ہوں گے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 رنز اسکور کیے، جبکہ مومن الحق نے 56 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
میچ کے آخری روز پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں محتاط مگر جارحانہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، جبکہ بنگلادیشی باؤلرز میچ میں کامیابی کے لیے ابتدائی وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔



