ایبٹ آباد: ہرنو اور گلیات جانے والی شاہراہوں پر سیاحوں کے غیر معمولی رش اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث مختلف مقامات پر گاڑیوں کی رفتار سست ہو گئی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے مطابق ہرنو پارکس میں گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ تاہم اہلکار ٹریفک کی بحالی اور شہریوں و سیاحوں کی سہولت کے لیے مسلسل ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ الحمدللہ ہرنو اور گلیات سے ایبٹ آباد آنے والی سڑک پر اس وقت ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
پولیس نے شہریوں، خصوصاً ایبٹ آباد کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بلا ضرورت ہرنو یا گلیات کا رخ نہ کریں تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام مسافر دورانِ سفر لین ڈسپلن اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔


