شمالی وزیرستان: عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران رزمک میں سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں جنوبی اضلاع اور صوبے کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح تفریح اور سیر و سیاحت کے لیے پہنچے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ رزمک کا خوشگوار موسم، ٹھنڈی ہوائیں، سرسبز پہاڑ اور قدرتی مناظر اسے خطے کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار کرتے ہیں۔ عید کی چھٹیوں کے دوران خاندانوں کی بڑی تعداد نے رزمک کے دلکش نظاروں سے لطف اٹھایا اور علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو سراہا۔
سیاحوں نے رزمک کو سیاحت کے حوالے سے بے پناہ صلاحیتوں کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ملکی سطح پر ایک اہم سیاحتی مرکز بن سکتا ہے، تاہم یہاں بنیادی سہولیات کی کمی سیاحتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
مختلف سیاحوں نے بہتر سڑکوں، معیاری رہائشی سہولیات، تفریحی مقامات اور صفائی کے مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رزمک کی سیاحتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں اور علاقے کی معیشت کو فروغ حاصل ہو۔
سیاحوں اور مقامی افراد نے رزمک کو پاکستان کا قیمتی قدرتی اور سیاحتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس خوبصورت مقام کی ترقی اور تشہیر کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


