Jabba Dam Victims

جبہ ڈیم متاثرین کا 17 ستمبر کو خیبر ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

خیبر: جمرود جبہ ڈیم، تپہ مکی خیل اور تپہ مستل خیل کے متاثرین نے اپنے حقوق کے حصول اور 22 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف 17 ستمبر بروز جمعرات پشاور میں خیبر ہاؤس کے سامنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔

جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرین کے مشران محمد عرفان کھٹیاخیل، داود خان، حاجی لعل بت خان، فضل الرحمان، ستانہ میر، خیال اکبر اور دیگر نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنے جائز حقوق کے لیے حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے، مذاکرات اور درخواستیں کرچکے ہیں، تاہم انہیں مسلسل ٹال مٹول کا سامنا ہے۔

مشران کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے 2 اگست کو جمرود دورے کے موقع پر متاثرین نے احتجاجی کیمپ قائم کیا تھا۔ سول انتظامیہ خیبر کے ساتھ مذاکرات اور یقین دہانیوں کے بعد کیمپ ختم کردیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اراضی کا مکمل حساب فراہم، ہر متاثرہ شخص کی تفصیلات اور معاوضے کی رقم کا ریکارڈ سامنے لایا جائے گا، جبکہ زمین کی پیمائش اور دیگر جائز مطالبات پر بھی پیش رفت کی جائے گی۔

متاثرین نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے وہ جبہ ڈیم کے علاقے میں متعلقہ حکام کے ہمراہ گئے جہاں اراضی کے کوآرڈینیٹس حاصل کیے گئے، تاہم اس کے باوجود زمین کی میجرمنٹ کا عمل مکمل نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لینڈ ایکوزیشن کے قانونی طریقہ کار میں زمین کی پیمائش، حد بندی اور ملکیت کی جانچ بنیادی مراحل ہیں، لیکن انہیں اب بھی بتایا جا رہا ہے کہ ہر متاثرہ شخص کا مکمل حساب موجود نہیں۔

متاثرین کے مطابق تاحال ایوارڈ نہیں ہوا، جبکہ دوسری جانب 47 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد رقم متاثرین کو ادا کی جاچکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاوضوں کی ادائیگی، ایکوائر کی گئی اراضی اور ہر متاثرہ شخص کو ادا کی گئی رقم کا مکمل ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے۔

مشران نے کہا کہ مکمل حساب سامنے نہ آنے، میجرمنٹ میں تاخیر اور مختلف معاملات میں تضاد کے باعث متاثرین کے شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاوضے کی ادائیگی کا عمل شفاف ہے تو مکمل ریکارڈ سامنے لانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

متاثرین نے واضح کیا کہ وہ ترقیاتی منصوبے کے مخالف نہیں اور چاہتے ہیں کہ جبہ ڈیم کا منصوبہ مکمل ہو، تاہم ان کے بقول متاثرین کے حقوق کی حق تلفی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

تحریک حقوق متاثرین جبہ ڈیم، تپہ مکی خیل اور تپہ مستل خیل نے اعلان کیا کہ اپنے مطالبات کے لیے آئینی و قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے 17 ستمبر کو خیبر ہاؤس پشاور کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا جائے گا، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

Voice of KP Event

’وائس آف کے پی‘ نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور صوبے کے مثبت تشخص اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے: گورنر

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ’’وائس آف کے پی‘‘ کا آغاز صوبے کے نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔ فنونِ لطیفہ معاشرے کے روشن اور مثبت چہرے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ایسی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہوپ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام صوبے کی موسیقی کے فروغ اور باصلاحیت افراد کو سامنے لانے کے لیے ’’وائس آف کے پی‘‘ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معروف پشتو گلوکار خیال محمد، سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے ہمیشہ باصلاحیت افراد پیدا کیے ہیں اور پشتو سمیت صوبے کی دیگر زبانوں کے گلوکاروں کی صلاحیتوں کا دنیا معترف ہے۔ ’’وائس آف کے پی‘‘ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ نوجوانوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو سامنے لانے اور صوبے کی آواز بننے کا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کو معدنیات، سستی بجلی، گیس اور دیگر قدرتی وسائل فراہم کر رہا ہے، جبکہ صوبے کے عوام نے ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا اور اس کے عوام صفِ اول میں کھڑے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں مقیم پشتون بھی قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے تعصب کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پانی، بجلی اور گیس سے فائدہ اٹھانے والوں کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ صوبہ ملکی معیشت اور ترقی میں اہم حصہ ڈال رہا ہے۔

گورنر نے ’’وائس آف کے پی‘‘ کو صوبے کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے ہوپ کے سی ای او ذبیر الٰہی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ہوپ کے سی ای او ذبیر الٰہی نے اپنے خطاب میں تنظیم کی سماجی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور ’’وائس آف کے پی‘‘ کی لانچنگ کے سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔