ایبٹ آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی کان کنی کے خلاف بڑا آپریشن
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نے محکمہ مائنز اور پولیس کے ہمراہ ڈنہ کے علاقے میں فاسفیٹ لیز میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کی ۔5 ایکسکیویٹرز ضبط کر لئے گئے جبکہ دو آپریٹرز کو حراست میں لے لیا گیا۔ دیگر مشینری متعلقہ تھانے منتقل کر دی گئی۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی اور غیر محفوظ کان کنی، بشمول بلاسٹنگ، میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آرز درج کر دی گئی ہیں۔غیر قانونی کان کنی سے سرکاری خزانے اور اردگرد کے علاقے کو بھاری نقصان سے بچانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
مہمند ٹریفک پولیس کی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں
ڈی ایس پی ٹریفک کی نگرانی میں ٹریفک پولیس نے روزانہ کی بنیاد پر مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندیاں قائم کرکے کارروائیاں کیں۔ دورانِ کارروائی اوورلوڈنگ، زائد کرایہ وصولی، کالے شیشوں سمیت دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور جرمانے عائد کیے گئے۔
پشاور کےمختلف مدارس کے طلباءکی آئی جی ایف سی کے پی نارتھ سے ملاقات
پشاور کے مختلف مدارس جامعہ دارالعلوم فرقان الکریم حیات آباد اور مرکز العلوم اسلام یونیورسٹی روڈ پشاور نے آج تاریحی قلعہ بالا حصار کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور کے پی نارتھ سے ملاقات کی ۔ دورے کے آغاز پر طلباء اور اساتذہ کرام کے وفد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے قلعہ بالا حصار کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور فرنٹیئر کور کی تاریح و ثقافت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
طلباء اور اساتذہ کرام نےآئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راو عمران سرتاج سے ملاقات کی اور ایک اہم مکالماتی سیشن ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور قیامِ امن میں طلباء اور علماء کرام کے اہم کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ نے واضح کیا کہ خصوصاً باجوڑ، تیراہ اور صوبے کے دیگر حساس علاقوں میں امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور خوارج و دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔ طلباء اور اساتذہ کرام نے صوبے میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا ۔



