آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے تکنیکی (سافٹ کل) اور ہتھیاری (ہارڈ کل) صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اب تک دشمن کے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے ہیں۔ یہ پیش رفت بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کئے گئے بزدلانہ حملوں کے بعد سامنے آئی۔ جن میں بھارت نے جدید لڑاکا طیارے ڈرونز اور متعدد پوسٹس تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ فوجی جانی نقصان بھی اٹھایا۔ ان نقصانات کے بعد بھارت نے بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے۔
ترجمان پاک فوج کیمطابق یہ بزدلانہ اقدامات بھارت کی اندرونی پریشانی اور ناکامی کا مظہر ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بھی دشمن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تباہ شدہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ بھی اٹھایا جا رہا ہے۔ جو بھارتی عزائم کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔ دشمن کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور اس کے تمام منصوبے ناکام بنائے جا رہے ہیں۔