پشاور ( پ ر ) پراوینشیل ڈیزاسٹر منیجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی ماہوار مالی اور غذائی امداد کیلئے 35 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دئے جو کہ ائندہ دو دن کے اندر اندر تمام رجسٹر ڈ متاثرین کو ان کے موبائل سم میسجنگ کے ذریعے سے موصول ہونا شروع ہو جائینگے ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا جنت گل افریدی کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فنڈز شمالی وزیرستان کے ان متاثرین خاندانوں کیلئے جاری کئے گئے ہیں جن کی ابھی تک اپنے اپنے علاقوں میں واپسی نہیں ہو ئی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت اپریشن ضرب عضب کے متاثرین میں سے 17 ہزار 3 سو کے قریب خاندان پی ڈی ایم اے کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جن میں وہ خاندان بھی شامل ہیں جن کی کچھ عرصہ پہلے افغانستان سے واپسی ہوئی ہے ۔ مذکورہ فنڈز کی وضاحت کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اسی فنڈز میں 12 ہزار روپے بطور نقد مالی امداد جبکہ 8 ہزار روپے بطور راشن الاؤنس ہر متاثرہ رجسٹرڈ خاندان کو دئے جا رہے ہیں ۔ اعلامئے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرین کے سابقہ جو بھی اقساط باقی ہیں ان پر بھی کام جا ری ہے اور بہت جلد ان لوگوں کو سابقہ اقساط کیلئے بھی فنڈز جاری کئے جا ئینگے ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرین کی مشکلات اور تکالیف کا احساس ہے اور پی ڈی ایم اے دن رات ان کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے کو شاں ہے ۔
