پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے قیام کی ڈیڈ لائن مکمل ہونے کے بعد واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ یکم نومبر 2023ء کو اسلام آباد سے 64 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو خیبرپختونخوا روانہ کیا گیا، جہاں سے انہیں افغانستان منتقل کیا جائیگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔ افغان باشندوں کو 2 بسوں کے ذریعے واپس روانہ کیا گیا، ان بسوں کے ساتھ ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی ٹیم بھی موجود تھی۔ راستے میں مختلف مقامات پر سکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب پولیس کی ہو گی۔
اس حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ کوآڈرنیشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، ان 64 افغان باشندوں کو صوابی کے مقام پرخیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کیا جائیگا۔ 64 افغان باشندوں پر مشتمل قافلے کو دو بسوں میں روانہ کیا گیا ہے، ایک بس میں 36 جبکہ دوسری بس میں 28 افغان باشندے سوار ہیں، ہر بس میں ایک آفیسر اور تین سکیورٹی اہلکار بھی موجود ہیں۔ تمام 64 افغان باشندوں کا ڈیٹا اپ لوڈ کردیا گیا ہے اور انہیں بار کوڈ جاری کئے گئے جنہیں ایف آئی اے ٹیم کے حوالے کیا گیا ہے۔