Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, June 27, 2025

خیبرپختونخوا ہاؤس میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ تقریب

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ کی پروقار تقریب خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منگل کے روز منعقد ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اپنی تاریخی دوستی اور تعاون کے نئے امکانات کی تلاش کے عزم کی تجدید کی۔

تقریب کی میزبانی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کی، جبکہ چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ، دیگر سفارتکاروں، سرکاری عہدیداران اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ تقریب کا انعقاد پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن (خیبرپختونخوا شاخ) نے کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں پر مشتمل تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تسلسل پر مبنی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے پشاور اور ارومچی کے 40 سالہ تعلقات اور ایبٹ آباد و کاشغر کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے مانسہرہ کو کسی چینی شہر کے ساتھ جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے نوجوانوں، تعلیم، توانائی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک پر زور دیا اور چینی کمیونسٹ پارٹی کو 2026 میں 75 ویں سالگرہ پر خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دینے کا اعلان کیا۔

چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سی پیک کے منصوبوں، خاص طور پر سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، قراقرم ہائی وے اپگریڈیشن اور رشکئی اسپیشل اکنامک زون کو دوستی کی علامت قرار دیا۔ دیگر مقررین نے عوامی سطح پر تعلقات کی اہمیت اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام ایک مشترکہ اعلامیہ پر ہوا جس میں دونوں ممالک نے ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی توثیق کی۔

خیبرپختونخوا ہاؤس میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ تقریب

Shopping Basket