تحریر:ارشد اقبال
یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ ہر ملک کی ہر حکومت میں تمام برائیاں نہیں ہوتیں اور نہ ہی کوئی حکومت سب کچھ ٹھیک کر تی ہے۔ہر حکومت جہاں اپنے اقتدار کوطول دینے کیلئے کچھ بھی کرجاتی ہے وہاں ہر حکومت میں ایسے اقدامات ،قانون سازی یا عوامی فلاح و بہبود کےلئے ایسے کام کئے جاتے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر لوگ مستفید ہوتے رہتے ہیں ۔ایسا ہی ایک کام سال 2009 میں پشاور میں اس وقت کی صوبائی حکومت نے کیا اور کسی کو یہ معلوم نہیں تھا کہ صوبائی حکومت کا یہ اقدام آئندہ چند سال میں ایسی کامیابی حاصل کرے گا کہ پڑوسی ملک افغانستان کے حکام بھی کابل میں اس طرح کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے پاکستانی حکومت سے باقاعدہ درخواست کریں گے۔
ہم بات کر رہے ہیں پیرا پلیجک سینٹر پشاور کی جسے عرف عام میں “پی سی پی ” بھی کہا جاتا ہے۔ پشاور پیرا پلیجک سینٹر حیات آباد میں واقع ایک انوکھا اور منفرد ہسپتال ہے جہاں ریڑھ کی ہڈی کے متاثرہ مریضوں کا بالکل مفت علاج کیا جاتا ہے۔یقیناََ اس ہسپتال کا منصوبہ خیبر پختونخوا میں اس دور میں بنایا گیا جب دہشتگردی نہ صرف افغانستان میں بلکہ پاکستان میں بھی عروج پر تھی اور دہشتگردی سے متاثرہ وہ لوگ جو ان کارروائیوں کے دوران شدید زخمی یا اپاہج ہوئے ان کیلئے مذکورہ ہسپتال کسی معجزے سے کم نہیں ۔ پیراپلیجک سنٹرپشاور پاکستان کا واحد طبی ادارہ ہے جہاں نہ صرف ریڑھ کی ہڈی کے زخمیوں اور مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ یہاں اپاہج افراد کیلئے مصنوعی اعضاء بھی تیار ہوتے ہیں ۔گزشتہ کئی عشروں پر محیط افغان جنگ میں ہزاروں افغان زخمیوں کا یہاں کامیاب علاج ہوا اور انہیں مصنوعی اعضاء بھی لگائے گئے۔
اس سلسلے میں ہلالِ احمر افغانستان (سرہ میاشت)کے سربراہ مولوی مطیع الحق خالص نے گزشتہ دنوں افغان حکومتی وفد کے ہمراہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا جبکہ سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اُنہیں ادارے کے اغراض و مقاصد اور مثالی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات سے مکمل اتفاق کیا کہ جنگوں سے متاثرہ افغانستان میں معذوروں کی جسمانی، نفسیاتی اور معاشرتی بحالی کیلئے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے طرز پر ادارے بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ مولوی مطیع الحق خالص نے وفد کے ساتھ ادارے کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور وہاں افغان اور پاکستانی مریضوں کی عیادت کی ۔اس موقع پر وہ مریضوں میں گھل مل گئے جبکہ افغان مریضوں نے سنٹر کے اعلیٰ معیار اور طبی عملے کے مثالی روئیے کی بے حد تعریف کی۔ مولوی مطیع الحق خالص نے بھی پیراپلیجک سنٹر کی عمدہ خدمات اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور پورے خطے میں جو عظیم کام کررہا ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے البتہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ افغانستان میں بھی اس طرز پر کام کیا جائے۔ اُنہوں نے ڈاکٹر الیاس سید کو اپنی ایکسپرٹ ٹیم کے ہمراہ دورہ افغانستان کی دعوت بھی دی اور مزید اعتراف کیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور گزشتہ کئی سالوں سے افغانوں کی خدمت کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم افغانستان میں بھی اس طرح کے ادارے قائم کریں ۔ڈاکٹر الیاس سید نے افغان وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ افغان حکومتی وفد نے پشاور پیراپلیجک سنٹر کی انتظامیہ سے اس طرز کا ایک بڑا ادارہ کابل میں بھی قائم کرنے میں معاونت کی درخواست کی ہے جبکہ سنٹر کے سربراہ نے بین الحکومتی لوازمات کی تکمیل پر ایسے ادارہ کی افغانستان میں قیام کیلئے بھرپور تعاون کا عندیہ دیا ہے۔اگر پشاور پیراپلیجک سینٹر جیسا ایک ہسپتال افغان حکومت کے مطالبے پر کابل میں بھی قائم کیا جاتا ہے تو یقینا ََ اس سے دونوں ملکوں کی نہ صرف حکومتوں بلکہ عوام کے درمیان بھی تعلقات مزید مضبوط ہونگے اور افغان عوام کو اپنے گھر میں مذکورہ سہولتیں حاصل ہونگی۔
150بستروں پر مشتمل اس سینٹر میں پاکستان اور افغانستان سے آئے مریضوں کا جامع جسمانی بحالی پروگرام کے تحت علاج کیا جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال21 اپریل کو پشاور پیراپلیجک سینٹر کا دورہ کرکے اس منفرد ہسپتال کی گنجائش 100سے بڑھا کر 150بستروں تک بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے جلد انتظامیہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی تھی۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم کو بتایا گیا تھا کہ ہسپتال میں معذور افراد کی بحالی کیلئے تمام تر مددگار آلات خود تیار کئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پیراپلیجک سنٹر پشاورمیں ہنرمندفزیوتھراپی،پیشہ ورانہ تھراپی، آرتھوٹک مینجمنٹ،نفسیاتی علاج، تفریحی سرگرمیاں،ہنر کی تعمیر،کمیونٹی ری انٹیگریشن، اپنی مرضی کے مطابق وہیل چیئرز کی فراہمی،نمونیا، ڈیپ وین تھرومبوسس،بارباراورپریشرالسریشن جیسی پدگر گیوں کی روک تھام،تشخیص اورعلاج،ادویات اور مریضوں کودیگر متعدد سہولیات دی جاتی ہیں۔