یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں میں آج جمعرات کے روز قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ اس سیمینار میں تقریبا 300 افراد نے شرکت کی۔ سیمینار کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے سربراہوں کا سماجی رابطوں میں اکیڈیمیا کے بطور ایک مؤثر طاقت کردار ادا کرنے کے موضوع پر ایک مباحثہ بھی منعقد ہوا۔ سیمینار میں ریٹائرڈ ایمبیسیڈر ذاہد وزیر، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر احمد منیر، یونیورسٹی آف ہری پور کے ڈاکٹر عبدالمہیمن اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خیر الزمان نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مقررین نے امن و امان کے فروغ اور قومی یکجہتی میں نوجوانوں کے کردار، قرآن و سنت کی روشنی میں تنازعات کے دوران اخلاقی اقدار، باہمی یگانگت کے تصور، پاکستان کے خوشحالی کے لئے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں امن و استحکام کےلئے سیکیورٹی فورسز کے کردار کو اجاگر کیا۔
