وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں کابینہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی جبکہ سرکاری فیول میں 40 فیصد کٹوتی کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مارکیٹوں کی بندش سے متعلق سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔ سب کمیٹی مارکیٹوں کی بندش سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں توانائی کی بچت کا پلان پیش کیا گیا۔ بتایا گیا کہ وزارت توانائی کی جانب سے بجلی بچت کیلئے8 نکاتی فارمولا تیار ہے۔
بجلی بچت سے متعلق تجاویز وزیراعظم کےقائم ورکنگ گروپ نےتیار کیں اور بجلی کی بچت کے لیے ہفتے میں 5 دن کام کرنے کی تجویز دی گئی۔ ہفتے کی چھٹی فوری طورپر بحالی ناگزیر قرار دے دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں سرکاری تیل کےکوٹے میں 33 فیصد کمی کرنے کی تجویز دی گئی۔ ہفتےمیں ایک دن گھر سےکام کرنےکی تجویز بھی پلان کا حصہ ہے۔ نجی شعبے کو بھی تجویز دی گئی کہ ایک دن گھر سے کام کرنے کو ترجیح دے۔
کابینہ اجلاس میں گلیوں، شاہراہوں پر لگی لائٹس جزوی طور پر آن رکھنےکی تجویز دی گئی۔ وزارت توانائی نے تجویز دی کہ مارکیٹوں اورشادی ہالز رات 10 بجے بند کیےجائیں جبکہ توانائی کی بچت کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی بھی تجویزدی گئی۔ وفاقی کابینہ نے 3 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔