سب ڈویژن جنڈولہ کے علاقہ سرغر میں تھانہ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔
انسپیکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ معظم جاہ انصاری اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان شوکت عباس کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک وقار احمد خان نے سب ڈویژن جنڈولہ کے علاقہ سرغر میں فیتہ کاٹ کر تھانہ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اور پودا لگاکر شجرکاری بھی کی جسکے بعد دیرپا امن کے قیام اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈی ایس پی سب ڈویژن جنڈولہ عالمگیر خان اور ایس ایچ او تھانہ سرغراسحاق خان سمیت ٹانک پولیس کے دیگرافسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ٹانک کا کہنا تھا کہ ٹانک پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور دیرپا امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور نئے ضم شدہ علاقہ جات کو خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہاں کے شہریوں کو اپنے تحفظ کا احساس ہوکر یہ علاقہ ترقی و خوشحالی کیطرف بڑھ جائے۔
اسکے بعد ڈی پی او ٹانک وقار احمد خان نے مختلف چوکیات کا بھی وزٹ کرتے ہوئے صفائی اور ریکارڈز کے علاوہ تمام متعلقہ امور کا جائزہ لیا اور ہر قسم کے جرائم، سمگلنگ، منشیات فروشی اور سماج دشمن سرگرمیوں کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں عمل میں لانے کیلئے دوٹوک ہدایات جاری کیں۔