ایبٹ آباد:بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے نہم دہم کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا۔ پہلی پوزیشن پر طالبات کو برتری،سائنس گروپ میں تعمیر وطن پبلک سکول ایبٹ آباد،مانسہرہ نے پہلی اور تیسری ،ہری پور کے کوہ دامن پبلک سکول کے طالب علم نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ جب کہ آرٹس گروپ میں سرکاری سکولز کی طالبات نے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ایبٹ آباد بورڈ کے ہال میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں قائم مقام گورنر خیبر پختون خوا مشتاق احمد غنی نے سرٹیفیکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔
اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایبٹ آباد بورڈ کے ہال میں سالانہ نتائج کا اعلان کیا گیا ۔امتحانی نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں تعمیر وطن پبلک سکول ایبٹ کی طالبہ مستبشرہ جدون نے78 10 نمبر لے کر پہلی،کوہ دامن پبلک سکول ہری پور کے طالب علم ظفر احمد نے 1072نمبر حاصل کرکے دوسری اور تعمیر وطن پبلک سکول مانسہرہ کے محمد صوبان نے 1069نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے،اسی طرح آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بیرکنڈمانسہرہ کی طالبہ اریبہ بی بی نے 928نمبر لے کر پہلی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیروان ایبٹ آباد کی طالبہ مانور طارق نے 923نمبر لے کر دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے ٹی ایس نمبر تین کی طالبہ اقراء فراز 917نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
جماعت دہم میں سائنس اور آرٹس گروپ میں کل 61ہزار 76 طلبا ء وطالبات میں سے 44ہزار 632پاس ہوئے مجموعی طور پر نتائج کا تناسب 73 فیصد رہا ہے۔جن میں 5ہزار 81 نے گریڈ ون 7 ہزار 2سو 94نے اے گریڈ 10ہزار 5سو 70 نے بی گریڈ 13ہزار 88 نے سی گریڈ اور 8ہزار 84نے سی گریڈ حاصل کیا۔ای گریڈ میں 202 طلباء وطالبات شامل تھے۔جماعت نہم میں سائنس اور آرٹس گروپ میں 65ہزار 8سو 45 طلباء و طالبات میں سے 30ہزار 419 پاس ہوئے جن کے نتائج کا مجموعی تناسب 46فیصد رہا ہے۔ سالانہ نتائج کے اعلان کے موقع پر قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات مین اسناد اور کیش انعام تقسیم کئے۔اور طلبہ وطالبات اور والدین کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔