میران شاہ : پراوینشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ماہانہ مالی امداد اور راشن الاؤنس کی مد میں مجموعی طور پر ساڑھے 23 کروڑ کے لگ بھگ کے فنڈز ریلیز کردئے جو کہ ائندہ ایک دو دنوں میں معمول کے مطابق سم کارڈ میسجنگ کے ذریعے سے متاثرین کو ملنا شروع ہو جائینگے
۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ اس فنڈزسے شمالی وزیرستان کے 15 ہزار خاندان مستفید ہو نگے جن کی ابھی تک اپنے گھروں کو واپسی نہیں ہوسکی ہے اور جو باقاعدہ تصدیق شدہ متاثرین ہیں ۔ اعلامئے کے مطابق ہر تصدیق شدہ خاندان کو 12 ہزار ماہانہ امداد جبکہ اٹھ ہزار روپے بطور راشن الاؤنس دئے جا رہے ہیں جس کا مقصد شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے ساتھ مالی تعاون ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین نے اس موقع پر بتایا کہ مذکورہ فنڈزمیں چھ ہزار کے قریب ایسے خاندان بھی شامل ہیں جو کہ حال ہی میں افغانستان سے واپس ائے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ افغانستان سے متاثرین خاندانوں کی امد کا سلسلہ جاری ہے اور جیسے ہی نادرا سے ان کی تصدیق اتی رہتی ہے انہیں بھی دیگر متاثرین کی طرز پر مالی امداد دی جائیگی ۔ یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی جون 2014 سے اب تک ماہوار بنیادوں پر ہر تصدیق شدہ خاندان کے ساتھ 12 ہزار فی خاندان مالی امداد دی جاتی رہی ہے اور حالیہ ریلیز اس سلسلے کی 97 ویں قسط ہے جو بلا ناغہ متاثرین کو جاری کی جارہی ہے ۔