شمالی وزیرستان: گیس پروڈکشن پلانٹ تحصیل شیواہ میں معاہدہ طے پایا گیا۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے علاقے کریڑہ مسمون خیل میں تیل و گیس کے دریافت شدہ ذخائر کے حوالے سے مقامی قبائل ( مسمون خیل) اور ماڑی پٹرولیم کمپنی کے حکام کے مابین پروڈکشن پلانٹ اور دیگر امور کے حوالے سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوگیا ہے جس کے مطابق پروڈکشن پلانٹ تحصیل شیواہ ہی میں بنے گا۔ اس حوالے سے فریقین کے درمیان باقاعدہ سٹامپ پیپر پر دستخط ہوگئے ہیں۔
معاہدے کے بعد پروڈکشن پلانٹ تحصیل شیواہ سے باہر منتقل ہونے کے حوالے سے تمام افواہیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔ قوم کابل خیل اور بالخصوص مسمون خیل کے مشران نے تاریخی معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے اور پروڈکشن پلانٹ کی شیواہ سے باہر منتقلی کا راستہ روکنے میں خصوصی تعاون پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور بالخصوص جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر کا شکریہ ادا کیا۔ قوم کو ایک پیج پر لانے اور معاہدے پر آمادہ کرنے کے حوالے سے مولانا ابرہیم اور ملک سمیع اللہ جیسی شخصیات کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ امید ہے معاہدہ طے پا جانے کے بعد اب ایم پی سی ایل پروڈکشن پلانٹ لگانے کے عمل پر جلد کام کا آغاز کرے گی۔