قائمقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمدغنی نے پشاور پریس کلب کا دورہ کیا۔
قائمقام گورنر نے پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام میڈیا کرکٹ لیگ کی لانچنگ تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت بھی کی۔
قائمقام گورنر نے میڈیا کرکٹ لیگ کی ٹرافی کی رونمائی اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتان میں کٹس تقسیم کیں۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ پشاور پریس کلب کا صحافیوں کیلئے میگا اسپورٹس ایونٹس میڈیا کرکٹ لیگ شروع کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے۔
انھوں نے میگا اسپورٹس ایونٹ کے آغاز پر پشاور پریس کلب انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ کھیل کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا ایک مثبت اور صحت مندانہ اقدام ہے اور صحافیوں کو کھیل کی سرگرمیاں فراہم کرنا انکے ذہنی تناؤ میں کمی اور صحت و تندرستی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ بلاشبہ صحافتی برادری انتہائی مشکل و کٹھن حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود پر پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔