خیبر پختونخوا انٹر حلقہ گیمز 2022 کے سلسلے میں پشاور ریجن کے مقابلے گزشتہ روز طہماس خان سٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ تقریب میں شروع ہوگئے جس میں پشاور زون کے 14 حلقوں کے 6 سو سے زائد کھلاڑی کرکٹ،فٹ بال اور والی بال کے مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں.
تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس کیپٹن(ر) مشتاق احمد نے فیتہ کاٹ کر مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا .
سیکرٹری سپورٹس اور یوتھ افیئرز کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب کرنا ہے چونکہ ہماری آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ مثبت سرگرمیوں کی وجہ سے مثبت سوچ جنم لیتی ہے اور یہی مثبت سوچ ایک اچھے معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے.
انٹر حلقہ گیمز 2022 میں صوبے کو 10 زونز میں تقسیم کیا گیا جس کے دوسرے مرحلے میں تمام زونز کی ٹیمیں صوبے کی سطح پر مقابلوں میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جتنی سہولیات خیبر پختونخوا کی تمام اضلاع میں کھلاڑیوں کو میسر ہے دوسرے صوبوں میں نہیں ہے ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بس اس ٹیلنٹ کو سٹریم لائن کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹر حلقہ گیمز 2022 میں ممبرز صوبائی اسمبلی کا اہم کردار ہے اور اسی طرح خواتین ایم پی ایز کے ٹیموں کے لئے بھی ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کرکٹ اور بیڈمینٹن کے مقابلے شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا انٹر حلقہ گیمز 2022 پشاور ریجن میں 14 حلقوں کے تین ہزار سے ذائد کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں شرکت کی تھی جس میں 616 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا.