پشاور: خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی ونگ اور پاک فوج کے تعاون سے صوبے کے ضم اضلاع میں سیاحوں کو راغب کرنے اور اس کے فروغ کیلئے صوبے کے مختلف ٹریول ایجنٹس اور ٹوورآپریٹرز کو ڈسٹرکٹ اورکزئی کے مختلف تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرایا گیا تاکہ مستقبل قریب میں ان کی مدد سے سیاحوں کو نہ صرف ان مقامات کی جانب لایا جا سکے بلکہ یہاں سیاحت کو فروغ بھی دیا جائے۔
سیاحت کے شعبے سے منسلک ٹوورز آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کیلئے تین روزہ دورے کا آغاز کوہاٹ سے ہنگو اور پھر زیاڑہ میں تعمیر ہونے والے سیاحتی پارک سے کرایا گیا جس میں سیر و تفریح سمیت بچوں کیلئے جھولے، کیمپنگ کیلئے جگہ، کھانے پینے کیلئے ٹک شاپ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
دورے میں صوبے کی سب سے بڑی اورلمبی نناورڑ غارکی سیر کروائی گئی جس کی لمبائی اتنی زیادہ ہے کہ اس کی دوسری طرف ابھی تک دریافت نہیں کی جاسکی۔ دورے میں کلایہ ہیڈکوآرٹر کے بعد سمپوغ ٹاپ کی سیر کروائی گئی جہاں سے اورکزئی اور خیبر کاخوبصورت نظارہ کیا جاتا ہے۔ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام سیاحت کے فروغ کیلئے منعقدہ دورے میں شرکاء کو غلجو ہیڈ کوآرٹرمیں پاک آرمی کی جانب سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد سیاحتی مقام سمانہ ٹاپ کی سیر کرائی گئی۔دورے کے تیسرے روزسیکھ مانومنٹ، لاک ہاٹ فورٹ اور گلستان فورٹ کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔