پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت پاک آسٹریا فحشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کے بورڈ آف گورنرز کا چھٹا اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈا پیش کیاگیا جس میں گزشتہ اجلاس کے منٹس اور سالانہ رپورٹ 2022 منظوری کیلئے پیش کی گئی جبکہ مالی سال2020-21 کے اخراجات کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی سال 2022-23 کا بجٹ اور بورڈ آف گورنرز کیلئے نئے 7 ناموں کی منظوری بھی دی گئی، نئے بورڈ اراکین میں سے 4 اراکین ماہرین تعلیم اور 3 اراکین بزنس کمیونٹی کے نمائندوں پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ آف گورنرز اجلاس میں یونیورسٹی ایگزیکٹیو کونسل، اکیڈمک کونسل اور یونیورسٹی سلیکشن بورڈ میں بھی بورڈآف گورنرزکے ایک ایک رکن کوشامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ فحشولے یونیورسٹی کا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کیلئے ایک بہترین نظام تیار کیا گیا ہے جو کہ وقت کی ضرورت ہے،جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے ساتھ صنعتوں میں تربیتی عمل،آسٹریا سمیت دیگر ممالک میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کے تبادلے سے بلاشبہ یہاں کے طلباء و طالبات کو تعلیمی و عملی میدان میں کامیابیاں حاصل ہوں گی گورنر نے کہا کہ وقت کی ضرورت اوراداروں کا فرض بنتا ھے کہ یونیورسٹیوں سے ایسے ہنرمنداور دور حاضر کے جدید ٹیکنالوجی سے لیس طلباء اور طلبات کو تیار کر کے ڈگری سے نوازے جوروزگار کے لئے اداروں اور دفتروں کے چکر سے نکل کر ان کو ہنر کے مطابق فوری روزگار مل سکے.