انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے ہرا دیا۔
بھارت کی میزبانی میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈ کی ٹیم پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 287 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے تمام گیندبازوں نے وکٹیں لیں، سب سے زیادہ اور حارث روف نے تین، حسن علی نے دو جب کہ شاداب، شاہین، نواز اور افتخار نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اوپننگ کی۔
قومی ٹیم نے شروعات میں مایوس کُن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اوپننگ بلے باز فخر زمان 12 اور امام الحق 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے کپتان بابر اعظم بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل اور محمد رضوان نے پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سنبھالا۔ دونون بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کرکے 100 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ اس طرح پاکستان کا مجموعی اسکور 160 تک جاپہنچا۔
سعود شکیل اور رضوان 68،68 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، نواز 39 اور شاداب 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیدرلینڈز کے بس دی لیدے نے چار جب کہ ایکرمین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بابر الیون کی بات کی جائے تو شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہیں جبکہ گیند بازوں میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون میں کپتان سکاٹ ایڈورڈز، میکس او داؤد، وکرامجیت سنگھ، ویسلے باریسی، بیس ڈے لیڈے، ٹیجا ندانامارو، شارز احمد، لوگان وین بیک، طین ڈیر میروی، پال وین مییکیرین اور آریان دت شامل ہیں۔