گورنر نے یونیورسٹی میں 1 ارب روپے لاگت کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی، شمسی توانائی منصوبہ،اور یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا ملکی بجٹ میں سے بھاری حصہ شعبہ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے، حاجی غلام علی
گورنر حاجی غلام علی کی صدر انجمن تاجران ہزارہ ڈویژن خورشید اعظم کی رہائش گاہ بھی آمد، والہانہ استقبال، ایبٹ آباد، ہری پور کی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گذشتہ روز ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے 1 ارب روپے کے مالی تعاون سے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا. گورنر نے یونیورسٹی میں پہلے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی، یونیورسٹی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور یونیورسٹی میں نئے اکیڈمک بلاک، ریجنل سنٹر انسداد انتہاپسندی کا بھی افتتاح کیا. انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کیجانب سے اسکالرشپس بھی تقسیم کیں۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی ڈاکٹر مجدد الرحمان، فیکلٹی اراکین، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے سمیت طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی. ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجددالرحمن نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالی. وائس چانسلر نے کہا کہ گورنر کی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی کا بجٹ خسارے سے سرپلس کردیا گیا اور یونیورسٹی کی بہتری کیلئے دیگر اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں. انہوں یونیورسٹی میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنا ہے،صوبہ کی یونیورسٹیوں کو شعبہ تحقیق میں ترقی کر کر نام کمانا ہو گا، دنیا کی یونیورسٹیاں ریسرچ کمرشلائزڈ کر کے اربوں روپے کما رہی ہیں. صوبہ کی یونیورسٹیوں کو شعبہ تحقیق میں ترقی کر کر نام کمانا ہو گا.انہوں نے کہا کہ ملکی بجٹ میں سے بھاری حصہ شعبہ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے تاکہ جدید اور معیاری اعلی تعلیم تحقیق کو فروغ دیا جاسکے. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا خسارے میں ہونا افسوسناک ہے، تمام یونیورسٹیوں کوخسارے سے نکل کر سرپلس بجٹ تیار کرنیکی ہدایت کی ہے. انہوں نے کہا کہ گورنر سیکرٹریٹ کیجانب سے یونیورسٹیوں سے مشاورت کے بعد بجٹ تیاری سے متعلق گائیڈ لائین دی گئی ہیں اور گورنر سیکرٹریٹ نے پہلی دفعہ یونیورسٹیوں کے مالی و بجٹ معاملات سے متعلق جامع جائزہ رپورٹ تیار کر کے یونیورسٹیوں کو بجھوائی ہے. گورنر نے ایبٹ آباد یونیورسٹی کو سیٹریس کرینک پر کامیاب ریسرچ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نئی تحقیقات یونیورسٹیوں کی مالی آمدن کے ساتھ بہترین شہرت کا بھی باعث ہوں گی. گورنر نے دورہ ایبٹ آبد یونیورسٹی کے دوران یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا
بعدازاں گورنر حاجی غلام علی ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے دور لہ کے دوران معروف صنعتکار و تاجر، صدر انجمن تاجران ہزارہ ڈویژن خورشید اعظم کی رہائش گاہ اعظم آباد بھی گئے جہاں پر گورنر کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیاگیا تھا. رہائش گاہ پہنچنے پر ایبٹ آباد چیمبر آف کامرس کے صدور، دیگر عہدیداروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں. اس موقع پر عبداللہ اعظم خان، حاجی منظور الہی، ملک سلیم اعوان، عمیر خالد سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگر نمائندے موجود تھے.
تاجر برادری نے گورنر کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جس کے حل کیلئے گورنر نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا. تاجر برادری نے گورنر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہر موقع پر بلا تفریق تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے اور آج گورنر کی حیثیت سے بھی تاجر برادری کا شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پورے ملک کی تاجر برادری آپ پر فخر کرتی ہے. گورنر نے کہاکہ ملکی معیشت میں تاجربرادری کا کردار انتہائی اہم ہے، ملک کی موجودہ معاشی مشکلات کے باوجود بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں. انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی مجھے اپنا وکیل سمجھے. گورنر نے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر خورشید اعظم اور بزنس کمیونٹی کے دیگر ۔نمائندوں کا شکریہ بھی ادا کیا