سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے چیمبر ہاؤس میں بزنس کمیونٹی کی سہولیات کے لئے بینک فیسیلی ٹیشن ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرائم منسٹر یوتھ قرضہ سکیم کے تحت نوجوان ٗ مرد و خواتین انٹرپینیورز کو سولر انرجی ٗ قابل تجدید انرجی سمیت مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کیلئے رعایتی مارک اپ پر قرضوں کے اجراء کی سکیم متعارف کرائی ہے جس سے نوجوان طبقے کو اپنے کاروبار کو ترقی دینے میں مدد ملے گی جبکہ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے چیمبر ہاؤس میں بزنس کمیونٹی کی سہولیات کے لئے بینک فیسیلی ٹیشن ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق فرسٹ وویمن بینک کی ریجنل بزنس ہیڈ مسز شرف النساء خٹک نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی ٗ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران فرسٹ وویمن بینک کی ریجنل بزنس ہیڈ مسز شرف النساء خٹک نے سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کو بینک کی جانب سے پی ایم یوتھ قرضہ سکیم کے تحت نوجوان ٗ مرد و خواتین انٹرپنیورز کو سولر انرجی پر 5فیصد مارک اپ اور قابل تجدید انرجی کے کاروبار سمیت مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری / کاروبار کرنے کیلئے کم مارک اپ ریٹ پرقرضوں کی فراہمی اور اس کی مختلف سکیموں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ بینک کے سینئر افسران نے سرحد چیمبر سے درخواست کی ہے کہ وہ بینک کی جانب سے نوجوانوں کیلئے کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے آسان شرائط پر قرضہ سکیموں کے بارے میں آگاہی سیشن کا سرحد چیمبر کی سطح پر انعقاد کریں اور ممبران میں بھی سکیموں کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔بینک کی بزنس ہیڈ مس شرف النساء خٹک نے سرحد چیمبر کی سطح پر بینک کی اسپیشل فیسیلی ٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی درخواست بھی کی جس سے سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے اتفاق کرتے ہوئے چیمبر ہاؤس میں بزنس کمیونٹی کی سہولیات کیلئے بینک فیسیلی ٹیشن ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بینک کے سینئر افسر کو آسان شرائط اور کم مارک اپ ریٹ پر کاروبار کے لئے مختلف سکیموں کے بارے میں نوجوانوں / ممبران میں شعور پیدا کرنے کی بھرپور یقین دہانی کروائی ہے۔ سرحد چیمبر کے صدر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی دہشت گردی اور کورونا لاک ڈاؤن سے شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ صوبے کی سمندر سے دوری کی وجہ سے تاجروں او ایکسپورٹرز کو متعدد مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اورکمرشل بینکس تاجربرادری کے مکمل دادرسی اور مشکلات کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھائے اور چھوٹے و درمیانے درجہ کے کاروبار اور صنعتوں کی ترقی کے لئے کم مارک اپ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے فرسٹ وویمن بینک کی جانب سے نوجوان ٗ مرد و خواتین کے لئے مختلف کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کم مار اپ پر قرضوں کی سکیموں کابھرپور خیر مقدم کیا۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کمرشل بینکوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ڈیپازٹ کے مقابلے میں لینڈنگ کی شرح میں بھی بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ دہشت گردی اور کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو بینکوں کے ذریعے بہتر سہولیات فراہم ہوں اور وہ اپنے کاروبار و تجارت کو مکمل طور پر بحال اوروسعت دے کر ملک کی معیشت کو دیرپا استحکام و ترقی کی جانب گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں۔