خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام پولینڈ سے پاکستان کے دورے پر آئے ٹوورآپریٹرز کیلئے دورہ پشاور شہر کااہتمام کیا گیا جس میں پشاور شہر کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیروتفریح کرائی گئی۔دورے کا مقصد غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنا اور صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا تھا۔سیاحوں کو تاریخی مسجدمہابت خان، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، سیٹھی ہاؤس، ہیریٹیج ٹریل، گورگٹھڑی آثارقدیمہ، تاریخی تعلیمی ادارے اسلامیہ کالج اور پشاور کا مشہور ٹرک آرٹ لے جایا گیا جہاں انہوں نے عجائب گھر، مندروں، برطانوی دور کے فائر ٹینڈرز کا دورہ کیااور دیگر قدیم مقامات کی سیرو تفریح اور ثقافت دیکھی۔پولینڈ سے آئے ٹوور آپریٹرز کو خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے گائیڈ سعید خان نے گندھارا تہذیب کے واحد قدیم زندہ شہر کی تاریخی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔ سیاحوں نے پشاور میوزیم کے ذخیرے میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس میں آرٹ، مجسمے، سکے، مجسمے، قدیم کتابیں، قرآن پاک کے ابتدائی نسخے، ہتھیار، ملبوسات، زیورات، نوشتہ جات، مغلیہ اور بعد کے ادوار کی پینٹنگز، گھریلو سامان، مٹی کے برتنوں کیساتھ ساتھ مقامی اور فارسی دستکاری شامل ہیں۔سیاحوں کواس کے علاوہ محلہ سیٹھی، جسے محلہ سیٹھیاں بھی کہا جاتا ہے، پشاور شہر کا ایک پرانا اور روایتی طور پر ترتیب دیا ہوا محلہ ہے، جو سیٹھی خاندان کی تعمیر کردہ سات جنوبی ایشیائی حویلیوں پر مشتمل ہے کی سیر کرائی گئی۔پولینڈسیاحوں نے شہر کے دورے کے دوران روایتی کھانوں اور تاریخی مقامات سے لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر پولینڈ سے آئے سیاحوں کا کہنا تھا کہ جب ہم اپنے ملک واپس لوٹیں گے تو ہم اس تاریخی شہر کے اپنے دورے کا تجربہ شیئر کریں گے۔ہمیں یہاں پرامن ماحول کیساتھ ساتھ یہاں کی مہمان نوازی نے ہمارے دل جیت لئے۔انہوں نے مقامی لوگوں کے مہمان نواز اور دوستانہ رویے اور مزیدار مقامی کھانوں کو بھی سراہا۔آخر میں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سیاحت اور اس سے منسلک ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے باعث ملک بھر اور دنیا بھر سے سیاح خیبرپختونخوا کا رخ کر رہے ہیں۔