لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورمیں پہلی کارڈیالوجی سمٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں مشیر صحت پروفیسر ریاض انور مہمان خصوصی تھے۔
ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق کارڈیالوجی سمٹ کا انعقاد مذکورہ یونٹ کے ہیڈ ڈاکٹر ملک فیصل افتخار اور اس کی ٹیم نے کیا جس میں کارڈیالوجی کے نامور ڈاکٹروں نے حصہ لیا جہنوں نے کارڈیالوجی کے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
- اس موقع پر ایل آر ایچ کے بورڈ آف گورنرز کے چیرمین پروفیسر محمد ذبیر خان اور انتظامیہ بھی موجود تھی جبکہ بورڈ ممبر ڈاکٹر موسیٰ کلیم کے علاوہ پروفیسر حفیظ اللہ، ڈاکٹر محمود اور کے ٹی ایچ کے ڈاکٹر عمار اشرف پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے صدرکے ساتھ ساتھ ،پی آئی سی۔ ایچ ایم سی، کے کارڈیالوجسٹ شامل تھے۔
ایل آر ایچ کے کارڈیالوجی یونٹ کے ہیڈ ڈاکٹر ملک فیصل افتخار کے مطابق ہارٹ اٹیک کے مریضوں کو ایکو، انجیوگرافی اور پرائمری پی سی آئی سمیت دیگر تمام سروسز 24 گھنٹے مہیا کی جا رہی ہیں جبکہ اس حوالے سے نئی ٹیکنالوجی اور جدید مشینری اور آلات کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سی سی یو 24 گھنٹے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی یعنی بچوں کے دل کے امراض کا یونٹ بھی مکمل طور پر فعال ہے جو دل کے بیمار بچوں کو مسلسل علاج فراہم کر رہا ہے۔
ڈاکٹر ملک فیصل افتخار نے کہا کہ ایل آر ایچ کا پریونٹو کارڈیالوجی سیکشن علاج کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بھی مسلسل کام کر رہا ہے۔
مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے اس موقع پر کہا کہ ایل آر ایچ کا کارڈیالوجی یونٹ بہترین خدمات پیش کر رہا ہےاور اس سلسلے کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن سپورٹ جاری رکھیں گے۔