پاک جرمن سکول وڈپگہ اور اسلامک ایجوکیشن بازار کلاں کے بچوں نے فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پشا ور پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاج کیا ، احتجاجی مظاہرے میں پاک جرمن سکول وڈپگہ اور اسلامک ایجوکیشن بازار کلاں کے بچوں نے حصہ لیا ۔بچوں نے فلسطین کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے بعض بچوں نے خون آلود گڑیوں کے ساتھ خون آلود کپڑوں میں ملبوس ہوکر فلسطینی بچوں کی حالت زار کی منظر کشی کی ، ایک علامتی تابوت پر اقوام متحدہ ، 47 ملکی اسلامی فوجی اتحاد اور اسلامی امہ کے کتبے لگائے گئے تھے ، اس موقع پر بچوں نے جذباتی تقاریر کیں اور اسرائیلی بربریت کے خلاف اسلامی امہ کی چشم پوشی پر اپنے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا۔ بچوں نے اپنی تقاریر میں فلسطینی بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی امہ آپکی کوئی مدد نہیں کر سکتی لیکن دنیا بھر کے بچوں کی طرح ہمارے دل بھی آپکے ساتھ دھڑکتے ہیں ، مقررین نے کہا کہ اسرائیل جتنا چاہے ظلم کرلے لیکن اللہ کے حکم سے آخری فتح فلسطین کی ہوگی مقررین نے کہا کہ فلسطین کے معصوم بچوں کے مقدس خون نے اسرائیل کو دنیا بھر میں نفرت کی علامت اور گالی بنا کے رکھ دیا اور اب وہ دن دور نہیں جب فلسطین اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک ہوگا ، اس موقع پر بچوں نے فلسطین کے لیے انقلابی ترانہ بھی پیش کیا مظاہرے میں سکول کی خواتین اساتذہ نے بھی خطاب کیا جبکہ قومی امن جرگہ کے چیئرمین مولانا اقبال شاہ حیدری نے خطاب کے بعد اختتامی دعابھی کرائی۔