امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیبارٹری کی ٹیسٹ رپورٹس معیاری قرار دے دیں۔ پی آئی سی امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ کے پروفیشنسی کوالٹی ٹیسٹنگ میں حصہ لینے والا خیبر پختونخوا کا پہلا سرکاری ہسپتال ہے۔ امریکن کالج نے 250 سے زائد خون اور دیگر ٹیسٹ کے نمونے پی آئی سی بھجوائے ۔ ہسپتال کے لیب میں تمام ٹیسٹ کرنے کے بعد رپورٹس کالج کو واپس بھجوائی گئیں ۔ رپورٹس 100 فیصد درست اور انٹرنیشنل معیار کے مطابق قرار دی گئیں۔ ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کا کہنا تھا کہ لیب ٹیسٹ میں ہیماٹالوجی،کیمیکل پیتھالوجی، مائیکرو بیالوجی ، بلڈ بینک اور میریضوں کے بیڈ سائیڈ مشینوں کے نمونے شامل تھے۔ امریکن کالج کی جانب سے نمونوں میں گردوں، جگر،ہیپٹائٹس ،کولیسٹرول،شوگر ،خون کی مختلف بیماریوں کی تشخیص کے ٹیسٹ شامل تھے۔ ترجمان پی آئی سی نے بتا یا کہ لیب میں مختلف جراثیم کی تشخیص اور علاج کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کی بھی جانچ پڑتال کی گئی جو درست نکلیں۔ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ نے کہا امریکن کالج آف پیتھالوجسٹ کی جانب سے پی آئی سی لیب کی رپورٹ منظور کرنا بڑی کامیابی ہے۔ پی آئی سی کا صوبے اور پاکستان بھر کے مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ بہترین علاج، اقدامات اور حکمت عملی کے باعث 3 سال میں پی آئی سی نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کافی نام کمایا جو باعث فخر ہے۔پی آئی سی بین الاقوامی معیار کے مطابق علاج معالجہ فراہم کرنے پر پاکستان کا پہلا سرکاری آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہسپتال کا اعزاز بھی حاصل کر چکا ہے۔