ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہےگورنر حاجی غلام علی

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی حکومت اور میری اولین ترجیح ہے، قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ضم اضلاع  کی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیاجائیگا اوران کی محرومیوں کا خاتمہ کیاجائیگا۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے امن، تعلیم و تجارت ناگزیر ہے، ریاست کے تحفظ،امن و امان کے قیام کیلئے ہم سب کومشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روزگورنرہاؤس پشاورمیں ضم ضلع مہمند سے لویہ جرگہ کے 30 رکنی اور باجوڑ سے فلاحی تنظیم کے25 رکنی عوامی نمائندہ وفود سے الگ الگ ملاقات کے دوران کیا۔ مہمندلویہ جرگہ کی قیادت ملک محمد جاوید کررہے تھے۔ وفد میں ملک جنگریز خان، ملک میوند خان، ملک عبدالرحمان اور دیگر شامل تھے جبکہ باجوڑ وفد میں تحصیل میئر سید بادشاہ، سیدا حمد خان، نعیم اللہ، ملک حاجی شیرزادہ، دائم خان اور جان محمد سمیت دیگر مشران و نوجوانان شامل تھے۔ضلع مہمند کے وفد نے گورنر کو علاقے کے عوام کو بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، تعلیمی سہولیات کے فقدان، تجارت سے متعلق مسائل، انفراسٹرکچر، انتظامی مسائل سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔وفد نے کہاکہ خویزئی بائزئی میں سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے عوام کو سخت تکالیف کا سامناہے،جس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے،بائزی  میں ریسکیو1122کے قیام، ڈومیسائل، شناختی کارڈ، ویری فیکیشن جیسے مسائل کے حل کامطالبہ کیا جبکہ ضلع باجوڑ کے وفد نے گورنر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ، مساجدکی سولرائزیشن، خار باجوڑ میں جنازہ گاہ کے قیام، کھیلوں کیلئے میدان اور دیگر ضروریات سے آگاہ کیا,گورنرنے وفود کے معروضات اورعوامی مشکلات غورسے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو بعض مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے  اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفود کے شرکاء نے مصروفیات اوراتوارکو چھٹی کے باوجود ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر گورنر کاشکریہ اداکیا اور کہا کہ پورے صوبے میں یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ صوبے کا گورنرعوامی ہے اورانہوں نے یہ عملی طور پر ثابت بھی کیا ہے۔بحیثیت گورنر جس خلوص اور محبت سے عوام کے ساتھ رابطہ رکھاہواہے صوبے کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی،جس پرشرکاء نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ ضم اضلاع کے عوام کو بنیادی ضروریات سمیت صحت، تعلیم زندگی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی وخوشحالی میں خصوصی طور پر دلچسپی لے رہی ہیں تاکہ قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیاجاسکے اور ان علاقوں کو بھی ملک اورصوبے کی دیگر ترقیافتہ علاقوں کے برابر لایاجاسکے۔ انہوں نے ملک میں امن واستحکام کیلئے قبائلی عوام کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دینے کا قبائل کی ایک سنہری تاریخ ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ اسی جذبہ سے مستقبل میں بھی امن وامان برقراررکھنے کیلئے قبائلی عوام اپنا کردار ادا کریں گے، بالخصوص مشران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نفرتوں کے خاتمے اور محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردار بہترین طریقے سے ادا کریں۔ روایات و اقدار کو فروغ دیں اور اپنے علاقوں میں جرگہ سسٹم کو مضبوط کریں تاکہ چھوٹے مسائل مقامی سطح پر جلد حل ہوسکے جس سے نفرتوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک معاشی طور پر مشکل وقت سے گزررہاہے تاہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر باہم اتفاق اور اتحاد سے ملک کو درپیش تمام مشکلات اور چیلنجز پر قابو پایاجاسکتاہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارا ملک بھی خطے میں معاشی طور پرمضبوط اور ایک خوشحال ملک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو اللہ تعالی نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے،ان وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال میں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم سے استفادہ حاصل کرناہوگا جس سے علاقے میں غربت کاخاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے قبائلی عوام پر زوردیا کہ وہ جدیدٹیکنالوجی اور موجودہ دورہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے حصول پرتوجہ دیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket