پاک فوج نے عزم کیا ہے کہ آزادانہ ،منصفانہ انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی 262 ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشتگردی پر بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کسی کو سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے۔ملکی خودمختاری ، قومی عزت اور عوام کی امنگوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔