پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرسنگ سٹاف کی اعلیٰ خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ فزائی کے لیے نرسز ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹیو میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ ،ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ سمیت ہسپتال کے سنیئر فیکلٹی ،مینجمنٹ اور نرسز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کو گزشتہ ماہ علالت کے باعث وفات پانے والے نرس کے نام کیا گیا ۔جبکہ نرس محمد ابرار کو یاد کر کے تقریب سادگی سے منائی گئی۔اس موقع پر پی آئی سی کے ڈائریکٹر نرسنگ افسر داد نے نرسنگ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔تقریب میں نرسز سے انسانیت کی خدمت اور پی آئی سی میں آنے والے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور خدمات پر حلف بھی لیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ کا کہنا تھا کہ نرسنگ شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے۔نرسز کا کردادر ہر شعبے میں لا زوال ہے جو ہر وقت اپنی ذاتی زندگی اور معاملات کو چھوڑ کر انسانیت کی خدمت میں صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں نرسز کے کردار پر فخر ہے جن کے باعث یہاں آنے والے مریضوں کو بہترین خدمات مل رہی ہیں اور اسی وجہ سے پی آئی سی کو الگ مقام حاصل ہے۔ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں حالات جیسے بھی ہوں چاہے جنگ ہوں یا کوئی وبائی صورتحال نرسز ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنا آپ وقف کر کے لوگوں کی امید کا محور بنتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر شعبوں کی طرح نرسز کو بھی سول اعزازات سے نوازا جائے جس سے ان کی انسانیت کی خدمت کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ تقریب میں نرسز کی حوصلہ افزائی کے لئے نرسز کو مختلف کیٹیگریز میں شیلڈز اور انعامات دیے گئے ۔ بہترین ٹیم لیڈ کےطور پر ڈائریکٹر نرسنگ افسر داد اور مینجر نرسنگ نازک بی بی کو اعلی کارکردگی شیلڈ سے نوازا گیا ۔ جبکہ 3 اسسٹنٹ مینجر 15 ہیڈ نرس،ریپڈ رسپانس ٹیم کے 4 نرسز،انفیکشن کنٹرول یونٹ کی 2 نرسز کو اچھی کارکردگی پر سرٹیفیکیٹس دیے گئے جبکہ مختلف وارڈز اور یونٹ میں بہترین کارکردگی اور بروقت رسپانس پر 10 ٹیم لیڈ نرسز اور 18 دیگر نرسز کو نرسز آف دی ائیر کے ایوارڈ دیے گئے۔