پاکستان بمقابلہ بھارت، ورلڈ چیمپین شپ آف لیجنڈز
پاکستان نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے آٹھویں میچ میں انڈیا کو 68 رنز سے شکست دیدی۔ یہ میچ ہفتہ کو ایڈج بیسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
یہ یونس خان اور ان کی ٹیم کی تیسری فتح تھی اور وہ اب چھ ٹیموں کی مقابلے کی پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کو بھی شکست دی تھی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 243 کا شاندار اسکور بنایا۔ اوپننگ جوڑی، شرجیل خان اور کامران اکمل نے دھواں دھار آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 145 رنز بنایے، اس کے بعد شرجیل 11ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے۔
شرجیل نے 30 گیندوں پر 72 رنز بنائے، جس میں سات چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ جبکہ کامران نے جارحانہ انداز کو جاری رکھا اور 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے، انہیں پاون نیگی نے 14ویں اوور میں بولڈ کیا۔
صہیب مقصود نے 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے، ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ شاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 25 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
بھارت نے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں شروع کیا، روبن اتھاپا نے 12 گیندوں پر 22 رنز بنائے لیکن سہیل خان نے انہیں آؤٹ کرکے پاکستان کے لئے پہلی کامیابی حاصل کی۔
امباتی رائیڈو اور سریش رائنا نے پاکستانی بالرز کو مشکلات میں ڈالا لیکن شعیب ملک نے رائیڈو (39) کو آؤٹ کرکے بھارت پر دباؤ ڈالا۔
ملک نے رن ریٹ کو قابو میں رکھا اور بھارت کو تیز رفتاری سے رنز بنانے نہیں دیا۔ وہاب ریاض نے آکر ایک ہی اوور میں عرفان پٹھان (15) اور پاون نیگی (1) کو آؤٹ کرکے مزید مشکلات پیدا کیں۔
رائنا نے 40 گیندوں پر 52 رنز بنائے، انہیں 19ویں اوور میں سہیل تنویر نے بولڈ کیا۔ بھارت اپنی 20 اوورز میں 175/9 کا اسکور بنا سکی، انوریت سنگھ نے 14 گیندوں پر 20 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
شعیب ملک نے 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض نے 3/22 کے شاندار اعداد و شمار کے ساتھ میچ ختم کیا۔