پشاور: آج 9 محرم الحرام کے موقع پر پشاور میں شبیہ ذوالجناح کے متعدد جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ امام بار گاہ حسینیہ ہال صدر سے شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنے ہی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے شرکاء نے نماز ظہرین کالی باڑی میں ادا کی جبکہ فوارہ چوک صدر میں مجلس عزاء منعقد کی جائے گی۔ دوسرا جلوس ذوالجناح امام بارگاہ بی بی صاحبہ، گنج تحصیل سے سہ پہر 4 بجے برآمد ہوگا۔
شہر میں آج مجموعی طور پر 22 مجالس منعقد کی جائیں گی جبکہ 18 سے زائد جلوس برآمد ہوں گے۔ محرم الحرام کے حوالے سے شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں 14 ہزار پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔
اندورن شہر جلوس ہونے کی وجہ سے شہر کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور جلوس کی گزرگاہوں کو قناطیں لگا کر بند کیا جا رہا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی گئی ہے اور سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لیے کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
سیکورٹی انتظامات:-
– 14 ہزار پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور – شہر کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا
– داخلی و خارجی راستوں پر پولیس ناکہ بندی – جلوس کی گزرگاہوں کو قناطیں لگا کر بند کیا جائے گا
– کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی
پشاور میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے دوران سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانےکیلئے پولیس اور دیگر ادارے بھرپور کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔