Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, March 10, 2025

خیبر پختونخوا میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موبائل فوڈ لیبارٹریز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور تھے۔ یہ موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز صوبے کے گنجان آباد اضلاع میں آشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کریں گی۔ ڈویژن کی سطح پر حلال فوڈ اتھارٹی کی سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پہلے ہی سے اشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ عوام کو صحت مند، صاف اور ملاوٹ سے پاک آشیائے خوردونوش کی دستیابی وزیراعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

تقریباً 9 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی یہ لیبارٹریز جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔ ان آلات میں ملک اینالائزر، آرسینک کٹ فار واٹر، ریفریکٹرو میٹر، موئسچر اینالائزر، ڈیجیٹل ریفریکٹرو میٹر، پی ایچ میٹر اورٹی ڈی ایس میٹر وغیرہ شامل ہیں۔ ان لیبارٹریز کے زریعے عوام کو گھر کی دہلیز پر دودھ، پانی، مصالحہ جات، چائے، نمک، شہد، آئس کریم، جوسز اور دیگر 24 اشیائے خوردونوش کا معیار جانچنے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں آشیائے خوردونوش کی فوری ٹیسٹنگ کرنے اور تھرمل پرنٹر کے ذریعے فوری نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کئے جانے والے ٹیسٹس اور دیگر معلومات آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے حکام کو بلا تاخیر موصول ہوتی ہے۔ ان لیبارٹریز کو پورٹیبل چیک پوسٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافے کا مقصد صوبے میں ملاوٹ کا خاتمہ اور عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں آئندہ سال جون تک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبز کو صوبے کے تمام اضلاع تک جبکہ اگلے مرحلے میں تحصیل تک توسیع دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے حلال فوڈ اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے ہدایت دی کہ ایک مہینے میں پشاور میں قائم ہونے والے اسٹیٹک لیب کو ہر صورت مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اس لیب کے قائم ہونے کے بعد صوبے میں تمام آشیائے خوردونوش کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ مذکورہ لیب سے رجسٹریشن اور این او سی کے بغیر صوبے میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket