پشاور: دیہی علاقوں میں کھیلوں کے میدان بنانے کے اہم منصوبے کا آغاز

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی عوام کے تعاون سے دیہی علاقوں میں کھیلوں کے میدان بنانے کے اہم منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نےاسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) سید ارحم مختیار اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد الیاس کے ہمراہ شاہ عالم کے علاقوں میں چار کھیلوں کے میدانوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کھیلوں کے میدان کے لیے زمین فراہم کرنے پر علاقے کی ممتاز شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق دیہی علاقوں میں سو سے زائد کھیلوں کے میدان بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان میدانوں کے قیام کا مقصد نوجوانوں اور بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے تاکہ وہ منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکیں۔ افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کو سراہا اور انہیں مزید بہتر کارکردگی کے لئے حوصلہ افزائی کی۔

ڈپٹی کمشنر پشاورنے کہا کہ یہ میدان نوجوانوں اور بچوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ مقامی کمیونٹی کے تعاون کو سراہتی ہے اور اس قسم کے اقدامات سے معاشرتی ہم آہنگی اور کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی اور عوامی شراکت داری سے جاری اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں اور بچوں کو صحت مند ماحول فراہم ہوگا بلکہ یہ اقدام علاقے کی مجموعی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے نوجوانوں اور بچوں کو کھیلوں میں شرکت کی ترغیب دینے اور ان کی اخلاقی تربیت کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket