صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ایجوکیشن حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پورے خیبر پختونخوا میں 24 جنوری 2025 کو یوم تعلیم بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں تعلیم کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ وزیر تعلیم کی ہدایت پر محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، کمیونٹی اسکولز، اور دیگر تعلیمی مراکز کو تفصیلی منصوبہ بندی فراہم کی ہے تاکہ یہ دن پورے صوبے میں یکساں انداز میں منایا جا سکے۔
عالمی یوم تعلیم کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں مضمون نویسی، تقریری مقابلے، پوسٹر سازی، اور کوئز کے مقابلے شامل ہیں۔ یہ تمام سرگرمیاں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ترتیب دی گئی ہیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی پیدا کی جا سکے۔ سیمینارز، ورکشاپس، اور لیکچرز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جن میں تعلیم کی اہمیت اور اس سال کے تھیم پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ان تقریبات کی نگرانی متعلقہ ضلعی تعلیمی افسران، ہیڈ ماسٹرز، اور پرنسپلز کریں گے۔
مزید برآں، آگاہی واکس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں مقامی پارلیمنٹیرینز، والدین، طلبہ، اساتذہ، مقامی ہیروز، اور سول سوسائٹی کے اراکین کو مدعو کیا جائے گا تاکہ یوم تعلیم کے ذریعے تعلیم کی اہمیت پر معاشرتی شعور اجاگر کیا جا سکے۔