مانسہرہ شوگراں میں شدید برفباری کے باعث راستہ بھٹکنے والے غیر ملکی سیاحوں کو مانسہرہ پولیس نے 19 گھنٹے کے لگاتار سرچ آپریشن کے بعد ریسکیو کرلیا مانسہرہ کے سیاحتی مقام شوگراں میں شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث دو غیر ملکی سیاحوں کا پولیس سے رابطہ منقطع ہو گیا اور اہلکاروں نے فوری اطلاع دی جس پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذولفقار حمید اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کو ضروری اقدامات کی ہدایات دیں ڈی پی او مانسہرہ نے بزرات خود شوگراں میں سرچ آپریشن میں حصہ لیا اور انکی قیادت میں مانسہرہ پولیس،اسسٹینٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹوریزم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا۔
سخت موسمی حالات کے باوجود 19 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد غیر ملکی سیاحوں کو بحفاظت شوگراں پہنچا دیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے ذاتی طور پر سیاحوں کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا اور ناشتہ بھی کروایا، جس پر سیاحوں نے بھرپور مسرت کا اظہار کیا سیاحوں نے خیبر پختونخواہ حکومت ، خیبر پختونخواہ پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا اور پاکستانی عوام کے جذبہ مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا صوبہ نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ یہاں آنے والے مہمانوں کی حفاظت بھی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی مقامات پر سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاح خود کو مکمل محفوظ محسوس کریں۔