خیبر پختونخوا اسمبلی اور اقوام متحدہ کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط

خیبر پختونخوا اسمبلی اور اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے. جس کا مقصد آبادی سے متعلق پالیسی سازی، قانون سازی اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور UNFPA کے نمائندہ ڈاکٹر لوئی شبانہ کے درمیان ایک تعمیری نشست منعقد ہوئی، جس میں سماجی بہتری، خواتین کے حقوق، اور پائیدار ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اس اشتراک کو صوبے میں بہتر سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی اور UNFPA مل کر سول سوسائٹی کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ معاہدے پر دستخط خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیشل سیکرٹری سید وقار شاہ اور UNFPA کے نمائندہ ڈاکٹر لوئی شبانہ نے کیے، جبکہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی بطور گواہ موجود تھے۔
یہ مفاہمتی یادداشت خیبر پختونخوا میں خاندانی منصوبہ بندی، صنفی مساوات، نوجوانوں کے حقوق اور سماجی ترقی کے حوالے سے پالیسی سازی، قانون سازی اور آگاہی مہمات کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گی۔ اس کے تحت آبادی سے متعلق پارلیمانی فورم قائم کیا جائے گا جو خاندانی منصوبہ بندی، صنفی مساوات اور نوجوانوں کے مسائل پر قانون سازی اور نگرانی میں معاونت فراہم کرے گا۔ اراکین اسمبلی کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر قانون سازی اور پالیسی فیصلے کر سکیں۔ خواتین اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موجودہ قوانین کا جائزہ اور بہتری یقینی بنائی جائے گی، خصوصاً کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے قانون سازی پر زور دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک مرکزی ڈیٹا اور ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ آبادی کے متعلق تحقیق اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے۔
اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اس اشتراک کو پائیدار ترقی کے عالمی اہداف (SDGs) کے حصول میں معاون قرار دیا اور کہا کہ آبادی میں توازن، صحت عامہ اور خواتین کی ترقی کے بغیر سماجی استحکام ممکن نہیں۔ تقریب کے اختتام پر UNFPA کے وفد کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket