خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے ٹورسٹ سروسز ونگ ٹیم نے پشاوراورایبٹ آباد میں مختلف کاروائیوں کے دوران رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدیدنہ کرنے پر متعدد ٹریول ایجنٹس، ہوٹلز و ریسٹورنٹس سیل کردیئے۔کنٹرولر ٹورسٹ سروسز ونگ عمر ارشد خان کی ہدایات پر منیجر ریگولیشن ذیشان مجیدنے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی وسیم یوسف، ڈپٹی منیجر لائسنسنگ افراسیاب خٹک، ڈپٹی منیجر ہوٹل اینڈ لائسنسنگ شاہد خان اور ٹورازم پولیس نوجوانان کے ہمراہ چوک یادگار پشاور میں کاروائی کرتے ہوئے کاروان حدیبیہ حج اینڈ عمرہ سروسز کو سیل کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محترمہ ثناء فاطمہ کے ہمراہ ایبٹ آباد سٹی میں ٹورسٹ سروسز ونگ کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے منچی زیس فوڈ پلانٹ، البدر ہوٹل سول سٹرنگز، اولے اینڈ ٹوسوو، اروما، فرید اللہ فش پوائنٹ اور شاندار فش پوائنٹ ہوٹلز کے خلاف کاروائی کی اور متعدد ہوٹلز و ریسٹورنٹس نہ صرف سیل کئے بلکہ متعدد کو نوٹس بھی جاری کئے گئے۔کنٹرولر ٹورسٹ سروسز ونگ اینڈ ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان کا کہنا تھا کہ ٹورسٹ سروسز ونگ کی ٹیم کئی بار متعلقہ ہوٹلز و ریسٹورنٹس کو نوٹس جاری کرچکی تھی تاہم پھر بھی رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدید نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سیاحوں کو ہوٹلزو ریسٹورنٹس میں بہترین سروسز کی فراہم کو یقینی بنانے کیلئے ٹورسٹ سروسز ونگ کے انسپکٹرز چھاپے مار رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔
