خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے شہریوں کیلئے ایک بہترین قدم۔ عوام کی سہولت کے پیش نظر شہر کے 6 مختلف تھانوں میں پولیس سہولت ڈیسک قائم کر دیے گئے۔ ان تھانوں سے رجوع کرنے والے شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفیکیٹ، کریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر سروسز اور سہولیات گھر تک پہنچانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پولیس سہولت مراکز میں ون ونڈو آپریشن کے تحت یہ خدمات اب تھانہ چمکنی، تھانہ خزانہ، تھانہ فقیر آباد، تھانہ ٹاؤن، تھانہ حیات آباد اور تھانہ بڈھ بیر میں دستیاب ہوں گی۔
اسی سلسلے میں، گزشتہ روز سی سی پی او پشاور، قاسم علی خان نے عوامی سہولت مرکز تھانہ شرقی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف ڈیسک پر فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر، انہوں نے آنے والے شہریوں اور خواتین سے ملاقات کر کے سہولت مرکز میں مہیا کی گئی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔