پشاور: پاکستان بزنس فورم کا پولیس کلیئرنس اور دیگر سرٹیفکیٹس کی فیسوں میں اضافے پر شدید ردعمل
پاکستان بزنس فورم پشاور کے ضلعی صدر خالد گل مہمند، سینئر نائب صدر مشتاق خلیل، خالد منصور، جنرل سیکرٹری حاجی عابد خان، سٹی صدر شہزاد احمد جان اور دیگر عہدیداران نے ایک ہنگامی اجلاس کے دوران پولیس کلیئرنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری اسناد کی فیسوں میں اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے تاجر برادری کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے خالد گل مہمند نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور اس سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کلیئرنس اور دیگر سرٹیفکیٹس کی اکثر کاروباری معاملات، لائسنس کی تجدید، بیرون ملک ملازمتوں اور ویزہ پراسیسنگ کے لیے ضرورت ہوتی ہے، اور فیسوں میں بے جا اضافہ تاجروں کے لیے مشکلات پیدا کرے گا۔
سینئر نائب صدر مشتاق خلیل نے کہا کہ تاجر پہلے ہی مہنگائی، بھاری ٹیکسز اور بجلی و گیس کے نرخوں سے پریشان ہیں۔ اب ان پر یہ اضافی بوجھ ڈالنا سراسر ناانصافی ہے۔
سٹی صدر شہزاد احمد جان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجر برادری کے مسائل کا ادراک کرے اور فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ شہری سطح پر بھی تاجروں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور یہ اقدام ان کے کاروبار پر منفی اثر ڈالے گا۔
جنرل سیکرٹری حاجی عابد خان نے مطالبہ کیا کہ فیسوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے بصورت دیگر پاکستان بزنس فورم احتجاج پر مجبور ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ اگر حکومت نے تاجر برادری کی آواز نہ سنی تو ملک گیر سطح پر احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ پاکستان بزنس فورم دیگر تاجر تنظیموں سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گا۔