حج آپریشن کا آغاز
پاکستان میں حج آپریشن 2025 کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے پہلی پرواز، پی آئی اے کی پی کے 713، صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے عازمین کو رخصت کیا۔
کوئٹہ سے حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 7201، صبح 10 بجے 170 حاجیوں کو لے کر روانہ ہو گئی، جبکہ لاہور سے پہلی پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 عازمین حج کو مدینہ لے کر روانہ کرے گی۔ پی آئی اے کے حج آپریشن کے تحت 117 خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں تمام پروازیں مدینہ جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں حج پروازیں جدہ کے لیے روانہ ہوں گی۔