Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, June 24, 2025

خیبرپختونخوا میں دو روزہ ادبی کانفرنس کا انعقاد

پاکستان اکادمی ادبیات خیبرپختونخوا چیپٹر کے زیرِ اہتمام دو روزہ صوبائی ادبیات کانفرنس کا آغاز ہوا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افتتاحی سیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے پاکستان اکادمی ادبیات پشاور آفس میں “پختونخوا رائیٹرز ہاؤس” کا افتتاح بھی کیا، جسے انہوں نے صوبے میں شعبۂ ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔

کانفرنس میں اکادمی ادبیات پاکستان کی چیئرپرسن ڈاکٹر نجیبہ عارف، خیبرپختونخوا کے اعزازی ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار جلال سمیت صوبہ بھر سے ادیبوں اور شعراء نے شرکت کی۔ گورنر نے ادبی شخصیات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس عصری ادب کے حوالے سے ایک علمی سنگِ میل ثابت ہوگی اور ادب کسی بھی معاشرے کی فکری تربیت، رواداری اور مثبت طرزِ فکر کے فروغ کا ذریعہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا خطاب

فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اکادمی ادبیات قومی زبانوں، ثقافت اور تاریخ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور انہیں اہلِ قلم کی تخلیقی صلاحیتوں اور علمی بصیرت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا نے عالمی سطح پر شعبۂ ادب میں نامور شخصیات پیدا کی ہیں اور 1976 میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے قائم کردہ پاکستان اکادمی ادبیات آج ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ سیاست ہو یا ادب، مثبت گفتگو اور اختلافِ رائے کے احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ادب کو قریب سے اپنائیں تاکہ شدت پسندی اور منفی سوچ سے بچ سکیں۔

خیبرپختونخوا میں دو روزہ ادبی کانفرنس کا انعقاد

Shopping Basket